استحکام پاکستان ریلی پر فول پروف انتظامات، پولیس کی بھاری نفری تعینات

استحکام پاکستان ریلی پر فول پروف انتظامات، پولیس کی بھاری نفری تعینات

لاہور (جنرل رپورٹر+کرا ئم سیل ) لاہور پولیس کے افسران نے مسلم لیگ ن کی استحکام پاکستان ریلی کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے تھے پولیس نے ریلی کو جانے والے تمام راستوں کو خاردار تاریں اور لوہے کے بیریر لگا کر بند کر دیا تھا ۔ تین ایس پیز ،چھ ڈی ایس پیز ،20ایس ایچ اوزتین ہزار سے زائد ایلیٹ فورس،سٹی ٹریفک پولیس سمیت دیگر پولیس اہلکاروں کو سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات کیاگیا تھا ۔پولیس افسران کا کہنا ہے کہ ریلی میں جانے کے لئے ایک ہی راستہ کھولا جائے گا باقی تمام راستوں کو بند کر دیا جائے گا تاکہ کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہو سکے ۔ مسلم لیگ ن کی ریلی کے باعث مال روڈ ، شاہراہ فاطمہ جناح روڈ ،لارنس روڈ ، سمیت شہر کے دیگر علاقوں میں ٹریفک شدید جام رہی ۔ٹریفک جام میں متعدد ایمبولینسز بھی پھنسی رہیں ۔پولیس اہلکاروں کو سٹیج سے ملحقہ قریبی عمارتوں کی چھتوں پر بھی تعینات کیا گیا تاکہ کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہو سکے ۔مسلم لیگ ن کی ریلی میں شریک ہونے والے نوجوان ٹولیوں کی صورت میں موٹرسائیکلوں پر سوار ہو کر نعرے بازی کرتے رہے ۔مال روڈ ،جیل روڈ ،فیروز پور روڈ ،قرطبہ چوک ،ملتان روڈ ،سکیم موڑ ،گلبرگ ،اقبال ٹاؤن سمیت شہر کی تمام سڑکوں پر ریلی کے باعث ٹریفک جام ہو گئی دفاتروں سے گھروں کو جانے والے افراد اور فیملیز کو گھر وں میں جانے کے لئے شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا ،سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات پولیس افسران ریلی کی سکیورٹی چیکنگ کے لئے موقع پر موجود رہے ۔پولیس اہلکاروں کو افسران کی جانب سے ہدایات جاری کی گئیں تھیں کہ وہ ریلی میں شرکت کرنے والے کسی بھی شخص کے ساتھ لڑائی جھگڑا مت کریں ان کو پر امن طور پر ریلی میں شامل ہونے کے لئے جانے دیں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لئے ٹریفک وارڈنز کی بڑی تعداد کو بھی ریلی کے راستوں پر تعینات کیا گیا تھا مگر ٹریفک وارڈنز ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے میں ناکام رہے ۔دوسری طرف مسلم لیگ (ن)کی ریلی میں شرکاء نے جیل روڈ،فیروزپور روڈ سمیت دیگر شاہراؤں پر ٹریفک وارڈنوں کے بوتھ الٹے پائے گئے۔

فول پروف انتظامات

مزید : صفحہ آخر