عوام کو غیر آئینی اقدامات پر اکسانے پر عمران خان کی حب الوطنی مشکوک ہو گئی بزنس کمیونٹی

عوام کو غیر آئینی اقدامات پر اکسانے پر عمران خان کی حب الوطنی مشکوک ہو گئی ...

                   لاہور(کامرس رپورٹر)ملک بھر کی کاروباری برادری نے سرکاری بنکوں سے رقوم نکلوانے اور بیرون ملک پاکستانیوں کو بذریعہ ہنڈی پیسے بھیجنے کے عمران خان کے مطالبے کو ملک دشمنی قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔بزنس کمیونٹی کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے سربراہ پاکستانیوں کو غیر قانونی اقدامات پر اکسا رہے ہیں ، ایسے مطالبات سے ان کی حب الوطنی مشکوک ہو گئی ۔پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن فرنٹ(پیاف)، لاہور ٹاﺅن شپ انڈسٹریل ایسوسی ایشن اور کتار بند انڈسٹریل ایریا کے رہنماﺅں نے کہا کہ سیاست دان ملکی معیشت کو ایسے گمراہ کن نعروں کی بھینٹ چڑھانے سے گریز کریں ۔ چیئرمین پیاف ملک طاہر جاوید ، سینئر وائس چیئرمین خامس سعید بٹ وائس چیئرمین امجد علی جاوا، ایل ٹی آئی اے کے چیئرمین چوہدری ظہیر بھٹہ اور کتار بند روڈ انڈسٹریل ایریا کے رہنما سید محمود غزنوی نے کہا ہے کہ کسی جائزاور اصولی مسئلہ پر احتجاج متاثرہ فریق کا آئینی حق ہے تاہم پورے ملک کو کسی فرد یا تنظیم کی ذاتی انا کی بھینٹ نہیں چڑھایا جا سکتا، پاکستان کا کاروباری طبقہ اب سمجھدار ہو چکا ہے اور کسی ایسے اقدام پر عمل کرنے کے لیے تیارنہیں جو ملک و قوم کے لیے نقصان دہ ہو ۔ بزنس کمیونٹی کے رہنماوں نے کہا ہے کہ ہفتوں پر محیط دھرنوں اور انقلابی نعروں سے کاروباری سرگرمیاں منجمد ہو چکی ہیں ، بیرون ملک سے خریدار نہیں آ رہے ، برآمدات پر شدید منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں ۔ کاروباری طبقہ کے ساتھ ساتھ غریب اور دیہاڑی دار سخت پریشان ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ بزنس کمیونٹی سمیت ملک کے تمام طبقات نے سول نافرمانی کے نعرہ پر کان نہیں دھرے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ مایوس سیاست دانوں نے ملک کی اقتصادی چولیں ہلانے کے لیے بنکو ں کے نظام کوختم کرنے کے لیے نئے نعرے لگانے شروع کر د یئے ہیں ۔ بزنس کمیونٹی نے پہلے غلط سلط نعروں پر کوئی توجہ دی ہے اور نہ ہی موجودہ اعلانات پر عمل کرنے پر تیار ہوگا۔

بزنس کمیونٹی

 

مزید : صفحہ آخر