لیبیا میں پھنسے پاکستانیوں کی انخلاءکیلئے 40 کروڑ روپے جاری کرنیکی منظوری دیدی اسحاق ڈار

لیبیا میں پھنسے پاکستانیوں کی انخلاءکیلئے 40 کروڑ روپے جاری کرنیکی منظوری ...

                           اسلام آباد(آن لائن ) وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے وزیر اعظم نواز شریف سے مشاورت کے بعد لیبیا میں پھنسے ہوئے 5700 پاکستانیوں کے انخلاءکے لئے وہاں موجود پاکستانی سفارتخانہ کو فوری طور پر 40 کروڑ روپے جاری کرنے کی منظوری دے دی، جبکہ پاکستان انٹر نیشنل ائر لائنز نے جاری حج پروازوں اور 1200 امریکی ڈالرز فی کس پاکستانیوں کے انخلاءکے باعث ان کے انخلاءسے معذوری ظاہر کر دی۔تفصیلات کے مطابق منگل کے روز لیبیا ءمیں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کے فوری انخلاءکو یقینی بنانے کے لئے ضروری فنڈز کی فراہمی کے حوالے سے وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس ہوا ۔اجلاس کے دوران وزیر اعظم کے خصو صی معاون برائے امور خارجہ طارق فاطمی نے اجلاس کے شرکاءکو مطلع کیا کہ لیبیاءاس وقت خانہ جنگی کی صورتحال سے دوچار ہے اور ملک کے مختلف حصے مختلف وار لارڈز اور ملیشیاءکے مسلح افراد کے زیر انتظام ہیں۔انہوں نے کہاکہ وہاں موجود پاکستانیوں کی سیکیورٹی اور تحفظ کے حوالے سے وہاں صورتحال کافی سنجیدہ ہے جس کے باعث وزیر اعظم نواز شریف نے پہلے ہی وزارت خارجہ کو وہاں موجود پاکستانیوں کے انخلاءکو یقینی بنانے کی ہدایت کر دی تھی۔طارق فاطمی کا کہنا تھا کہ فی الوقت لیبیاءمیں سے پاکستان انٹر نیشنل ائر لائنز کے زریعے 730 پاکستانیوں کو نکالا جا چکا ہے جبکہ لیبیاءکے شہر تریپولی میں پاکستانی سفارخانہ کی جانب سے قائم شدہ کیمپ میں 2500 پاکستانی پناہ گزین موجود ہیں اور وہاں موجود دیگر 3200 پاکستانیوں نے پاکستانی سفارخانہ مین اپنی رجسٹریشن کروا دی ہے اور وہ لیبیاءسے اپنے انخلاءکے منتظر ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ لیبیاءمیں موجود پاکستانی سفارخانہ وہاں قائم شدہ کیمپوں میں موجود پاکستانی پناہ گزینوں کو خوراک اور دیگر اشیاءخورد و نوش فراہم کر رہا ہے۔

 

مزید : صفحہ آخر