طرابلس پر نامعلوم جنگی جہازوں کا حملہ ،متحارب گروپوں میں لڑائی جاری

طرابلس پر نامعلوم جنگی جہازوں کا حملہ ،متحارب گروپوں میں لڑائی جاری

طرابلس (نیوز ڈیسک) لیبیا کے دارالحکومت پر نامعلوم جنگی جہازوں نے حملہ کردیا اور تاحال یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ یہ جہاز کس ملک کے تھے۔ شہر میں متحارب گروپوں کے درمیان جنگ جاری ہے اور اس حملے سے پہلے ایک باغی گروپ نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے مخالفین کو شکست دے کر شہر کے ایئرپورٹ پر قبضہ کرلیا ہے۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کا کہنا ہے کہ شہریوں نے علی الصبح جنگی جہازوں کی آواز سنی جس کے بعد متعدد دھماکے ہوئے تاہم اس سے زائد معلومات دستیاب نہیں ہوسکیں۔دریں اثناءمصر نے اس الزام کو رد کردیا ہے کہ حملے اس کی طرف سے کئے گئے۔ مسراتہ سے تعلق رکھنے والے گروپ نے شہر کے ایئرپورٹ پر قبضہ کررکھا ہے اور یہ الزام انہیں کی جانب سے سامنے آیا تھا۔ قابض گروپ نے مصر کے ساتھ متحدہ عرب امارات کو بھی ان حملوں کا ذمہ دار قرار دیا تھا جن میں 13 افراد ہلاک ہوئے۔

مزید : علاقائی