گوجرانوالہ ،سابق کونسلر کو بیوی اور 2بیٹیوں سمیت گھر کے صحن میں قتل کر دیا گیا

گوجرانوالہ ،سابق کونسلر کو بیوی اور 2بیٹیوں سمیت گھر کے صحن میں قتل کر دیا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                                   گوجرانوالہ (بےورورپورٹ)نواحی گاﺅں تلونڈی کھجور والی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے سابقہ کونسلر کو بیوی اور دو بیٹیوں سمیت گھر کے صحن میں قتل کردیا۔ جبکہ ملزمان جو ایک کار میں سوار ہوکر آئے تھے واردات مکمل کرکے تسلی سے فرار ہوگئے۔ تھانہ کینٹ پولیس نے پوسٹمارٹم کےلئے ڈویژنل ہسپتال گوجرانوالہ میں پہنچا دیا۔ اندوہناک قتل کی اس واردات کی وجہ جائیداد کا تنازعہ یا پرانی دشمنی بتایا جاتا ہے۔ تاحال واردات کا اصل راز پولیس کی اصل تفتیش کے بعد سامنے آئے گا۔ معلوم ہوا ہے کہ تین نامعلوم افراد پانچ بجے کے قریب ایک کار میں سوار ہوکر آئے ۔ کار مقتول کے گھر سے تھوڑی دور کھڑی کرکے پیدل گھر میں داخل ہوئے اور اندھا دھند فائرنگ کرکے سابق کونسلر چوہدری ریاست علی چیمہ اس بیوی حفیضاں، بڑی بیٹی 30 سالہ قمر بی بی اور 28 سالہ منور بی بی کو گولیوں سے چھلنی کردیا۔ جس کی وجہ سے ریاست علی چیمہ اس کی بیوی اور بڑی بیٹی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ چھوٹی بیٹی منور ہسپتال جاتے ہوئے جاں بحق ہوگئی۔ قتل کی اس اندوہنا ک واردات کی خبر گاﺅں اور علاقہ میں جنگل میں آگ کی طرح پھیل گئی۔ مقتول خاندان کی چھوٹی بیٹی رضیہ بی بی جو نماز فجر ادا کرنے کے بعد صحن سے اندر کمرہ میں جاکر سوگئی اور مقتول کی ہمشیرہ جو فیروز والا میں رہتی ہے چند روز قبل اپنے بھائی کے پاس آئی ہوئی تھی۔ ملزمان نے ان کو کچھ نہ کہا جب کہ چھوٹی بیٹی اندر جانے کی وجہ سے بچ گئی۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ مقتول ریاست علی چیمہ کی اپنے بیٹوں اعجاز عرف جج اور ارشاد سے ناراضگی تھی جس کی وجہ سے دونوں بیٹوں کو والدین نے گھر سے نکال دیا ہوا تھا اور ان دونوں نے گھر سے نکلنے کے بعد اپنی مرضی سے شادیاں کر رکھی ہیں۔

 جبکہ مقتول کے ساتھ قتل ہونے والی دونوں بیٹیاں 30 سالہ قمر اور 28 سالہ منور ابھی تک غیر شادی شدہ تھیں۔ بتایا جاتا ہے کہ مقتول جائیداد کے معاملے میں بہت خودغرض تھا اور کسی کی بات ماننے کوبھی تیار نہیں ہوتا تھا جس کی وجہ سے گاﺅں کے قبرستان میں آج چار قبریں ایک ساتھ نکالی جارہی ہیں۔تھانہ کینٹ پولیس نے مدعیہ رضیہ بی بی کی رپورٹ پر تین نامعلوم افراد کے خلاف پرچہ درج کرکے کارروائی شروع کردی ہے۔

مزید :

علاقائی -