غازی آباد:درینہ دشمنی کی بنا پر فائرنگ ، ایک شخص جاں بحق

غازی آباد:درینہ دشمنی کی بنا پر فائرنگ ، ایک شخص جاں بحق


غازی آباد( نامہ نگار) چیچہ وطنی اوکانوالہ روڈ پر پرانی دشمنی پر 2افراد کی فائرنگ ۔40سالہ شخص موقع پر جاں بحق۔ ملزمان فرارتفصیلات کے مطابق 31 گیارہ ایل کا رہائشی ماسٹر عبدالرشید کسی کام سے شہر آیا ہوا تھا جونہی اوکانوالہ روڈ بالمقابل گورنمنٹ گرلز ہائی سکول روڈ پر پہنچا تو موٹر سائیکل پر سواراشتہاری ملک حسن عسکری اور اسکا ایک ساتھی حافظ مدثر نے روک کر ماسٹر عبدالرشید پر فائرنگ کردی۔ فائر ماسٹر عبدالرشید کی کنپٹی اور دل پر لگے جس سے ماسٹر عبدالرشید موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ اس کا دوسر ا ساتھی محفوظ رہا ۔

پولیس کے مطابق ا ن کی پرانی دشمنی چلی آرہی تھی ۔ رمضان المبار ک میں عبدالرشید کے بھتیجوں نے اپنے والد کا بدلہ لینے کیلئے ملک حسن عسکری کے بھائی عمران عرف مانی کو قتل کردیا تھا۔ آج ملک حسن عسکری اوراس کے ساتھی حافظ مدثر اشتہاری نے ماسٹر عبدالرشید کو فائرنگ کرکے قتل کردیا اور موقع واردات سے فرارہونے میں کامیاب ہوگئے۔ یادرہے کہ ملک حسن عسکری اور اسکے ساتھیو ں کو پولیس نے گرفتار کرنے کیلئے 31گیارہ ایل میں گذشتہ دنوں ریڈ کیا ۔ ریڈ کے دوران اسکا ایک ساتھی گرفتار ہوگیا تھا جبکہ حسن عسکری اور اس کے دیگر ساتھیوں کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا تھا۔ ملک حسن عسکری قتل ، ڈکیتی ، راہزنی اور چوری کی متعدد وارداتوں میں مطلوب ہے۔ پولیس نے لاش قبضہ میں لیکر پوسٹارٹم کیلئے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کردی۔ پولیس تھانہ غازی آباد نے مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔

مزید : علاقائی