اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان کو علاقائی مینو فیکچرنگ محور بنادیگا ، نواز شریف

اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان کو علاقائی مینو فیکچرنگ محور بنادیگا ، نواز ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ بنیادی ڈھانچہ، توانائی اور مواصلات کے اہم منصوبوں پر محیط پاک۔چین اقتصادی راہداری پاکستان کو علاقائی مینوفیکچرنگ محور بنا دے گی اور یہ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے بہت پرکشش مارکیٹ ہو گی۔ انہوں نے یہ بات ترکی کے ’’کے او سی گروپ‘‘ کے صدر فتح کمال ابیلی اولو سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے اپنے وفد کے ہمراہ گزشتہ روز وزیراعظم ہاؤس میں ان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے حصول کیلئے پاکستان کی صورتحال مسلسل بہتر ہو رہی ہے اور سیکورٹی کی صورتحال میں بہتری سے گذشتہ تین برسوں میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے ایک پرکشش مقام کے طور پر پاکستان کی پوزیشن میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام ترکی کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں، دونوں ممالک تمام علاقائی اور بین الاقوامی ایشوز پر یکساں سوچ رکھتے ہیں۔ وزیراعظم نے کے او سی گروپ کی جانب سے پاکستان کی پریمیئم ہوم اپلائنس کمپنی ڈاؤلینس حاصل کرکے پاکستانی مارکیٹ میں داخل ہونے کے اقدام کو سراہا۔ ترکی سے توانائی، بنیادی ڈھانچہ، تعمیرات اور خدمات کے شعبہ جات میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو سراہتے ہوئے وزیراعظم نے مستقبل میں ترک کمپنیوں سے سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ کی امید کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سرمایہ کار پالیسی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کیلئے سازگار کاروباری ماحول پیدا کرنے کے سلسلہ میں جامع ڈھانچہ کی حامل ہے، پاکستان کے پالیسی رجحانات آزادانہ معیشت و نجکاری سے ہم آہنگ اور سہولیات کی فراہمی کو اولین ترجیح دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر حوصلہ افزاء ہے کہ ممتاز ترک کمپنیاں پاکستان کے توانائی، انفراسٹرکچر، تعمیرات اور خدمات کے شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتی ہیں۔ فتح کمال نے کہا کہ پاکستان سرمایہ کاری کیلئے مثالی مقام کی حیثیت رکھتا ہے اور ان کی کمپنی پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں میں مزید سرمایہ کاری کیلئے پرعزم ہے۔ عالمی مالیاتی اداروں کی طرف سے پاکستان کی بہتر اقتصادی صورتحال کا اعتراف قابل تحسین امر ہے، پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے بے پناہ مواقع موجود ہیں جس میں موجودہ حکومت کی دانشمندانہ اقتصادی اور سرمایہ کار دوست پالیسیوں کی بدولت مستقبل قریب میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔ وفد کے دیگر ارکان میں لی وینتھ کاکیررگیو، حقان حمدی بلگرلو اور صالح ارسلان تاس شامل تھے۔ ملاقات میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ مفتاح اسماعیل اور دیگر سینئر حکام بھی موجود تھے۔

مزید :

صفحہ اول -