ملک میں منفی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں ، رفیق رجوانہ

ملک میں منفی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں ، رفیق رجوانہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور ( نمائندہ خصوصی) گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ موجودہ سیاسی صورت حال میں ہم سب کونہ صرف ذمہ دارانہ سیاست کا مظاہرہ کرنا ہے بلکہ جذبہ حب الوطنی سے مزید سرشار ہو کر ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو خاک میں ملانا ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ آج ملک اللہ کے فضل اورکر م سے معاشی اور اقتصادی طور پر ترقی کی طرف گامزن ہو چکا ہے جو ملک دشمن عناصر کے لیے تکلیف اور تشویش کا باعث ہے ، انہو ں نے کہا ملک میں منفی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں ، ہم سب کو اس موقع پر اتحاد و اتفاق کی نظیر قائم کرنی ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے آل پاکستان بزنس فو رم کے آٹھ رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے ابراہیم قریشی کی سربراہی میں ان سے گورنرہاؤس لاہور میں ملاقات کی ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں اس بات کا تہیہ کیے ہوئے ہے کہ پاکستان کو ہر حال میں سیاسی اور جمہوری اعتبار سے مضبوط اور مستحکم کرنا ہے ،بلا شبہ پاکستان کا ہر فرد اس کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کررہا ہے ۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ جب مسلم لیگ نے اقتدار سنبھالا تو اس وقت ملک کو بے پناہ مسائل درپیش تھے ، ملک بھر میں بارہ سے سولہ گھنٹے لوڈشیڈنک اور سوئی گیس کا نہ ہونا معمول بن چکاتھا ، انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں تین سال کے مختصر عرصے میں حکومت نے تمام بڑے چیلنجز پر بڑی کامیابی سے قابو پالیا ہے ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ملکی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوارکرنے کے لیے تاجر برادری کے ساتھ فرینڈلی ماحول ناگزیر ہے ، بلاشبہ تاجر برادری ملکی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے ، انہوں نے کہا کہ تاجر برادری پر قوم کو فخرہے جو ملک کو بہت بڑا ریونیو فراہم کرتے ہیں ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ آپ لوگ ملک کا قیمتی سرمایہ او ر اثاثہ ہیں اور وطن عزیز کو جب بھی کوئی مشکل گھڑی پیش آئی آپ نے دل کھول کر مدد کی ہے ۔

مزید :

صفحہ آخر -