"میں نے ابھی جاب کیلیے صرف درخواست دی اور اس حوالے سے ۔ ۔ ۔" وقار یونس نے محمد عامر کے فیصلے پر بات کرنے سے انکار کردیا
لاہور(ویب ڈیسک) وقار یونس نے فاسٹ بولرز کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے کے ٹرینڈ پر اظہار خیال سے گریز کیا، محمد عامر کی ٹیسٹ سے ریٹائرمنٹ کے سوال پر انھوں نے کہا کہ میں ابھی اس حوالے سے کچھ نہیں کہنا چاہتا، میں نے ابھی جاب کیلیے صرف درخواست دی جو کہ میرا حق ہے،جب ذمہ داری ملے گی توریٹائرمنٹ جیسے موضوع پر بات کروں گا۔ایکسپریس نیو ز کے مطابق وقار یونس نے کہا کہ نیا ڈومیسٹک سسٹم اچھا اور میں اس سے بہت متاثر ہوں، میں نے تین سال پہلے اپنی رپورٹ میں بھی لکھا تھا کہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں ٹیمیں اور میچز کم کرنا چاہئیں، زیادہ ٹیموں سے کوالٹی کم ہو رہی تھی،اب 6ٹیمیں ریجنل بنیادوں پر کھیلیں گی، امید ہے کراؤڈ بھی آئے گا،کم میچز ہوں گے تو ٹیلی کاسٹ بھی ہوں گے، پاکستان کو اس کا فائدہ ہو گا، ٹیم بہتر اور اچھے کرکٹرز تیار ہو سکیں گے جن پر نظر رکھی جا سکے گی۔انھوں نے کہا کہ اچھے کوچز، ٹرینرز اور نیوٹریشنسٹ بہت ضروری ہیں، پاکستان ٹیم کے ساتھ چھوٹے لیول پر بھی اچھے کوچز ہونے چاہیے، پاکستان کو بڑی ٹیموں سے جیتنے کیلیے ان کے جیسی فٹنس پانا ہوگی، ٹیلنٹ میں ہم تمام ٹیموں سے بہت بہتر ہیں۔