متحدہ عرب امارات کا مودی کیلئے ایوارڈ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی بول پڑے، انتہائی حیران کن بات کہہ دی
ملتان، خانیوال(ویب ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات پاکستان کا ہمدرد ہے اور کشمیر کے موقف پر ہمارے ساتھ کھڑا ہے, ایک سوال کے جواب میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات کے بھارت سے اپنے تعلقات ہیں اور پاکستان سے اپنے تعلقات ہیں۔انہوں نے کہا کہ اماراتی وزیر خارجہ سے ملاقات کا امکان ہے جس میں تمام حقائق اُن کے سامنے رکھیں گے، جب حقائق اُن کے سامنے آئیں گے تو یقین ہے کہ متحدہ عرب امارات پاکستان کو مایوس نہیں کرے گا۔شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی تعلقات کا معاملہ جذبات سے بالاتر ہو کر دیکھنا ہوگا، ہر ملک کو دو طرفہ تعلق رکھنے کا حق ہے، حال ہی میں امارات نے پاکستان کی مدد کی ہے، تو ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیے۔وزیرخارجہ کے مطابق متحدہ عرب امارات اور ہندوستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے پرانے تعلقات ہیں اور وہاں ہندوستان کے لوگ بھی آباد ہیں۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نےکہا کہ 5 اگست کے بعد پوری دنیا بھارت کے اقدام کے خلاف ہے جب کہ بھارت میں مودی سرکار کے خلاف دھڑے بندیاں ہو چکی ہیں۔وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کو عید نماز نہیں پڑھنے دی اور نمازِ جمعہ کے لیے مساجد میں تالے لگا دیے گئے، مساجد کی تالا بندی سے بھارت کی اقلیتی نسل کشی کا چہرہ سامنے آ گیا ہے، ان مظالم کے باوجود کشمیری عوام کی جدو جہد ضرور رنگ لائے گی اور کشمیری عوام آزادی کی نعمت سے مالامال ہو گی۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سکھ اقلیتی بھائیوں کو پیغام ہے کہ ہم کرتار پور راہداری کھول رہے ہیں، ہم پاکستان میں مندروں کے تقدس اور ہندو اقلیت کو آئین پاکستان کے مطابق حقوق دے رہے ہیں، دراصل عمران خان کا وژن ملک کی معیشت کو بہتر کرنا اور دنیا بھر میں پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔