کراچی کا ایڈمنسٹریٹر کسی بزنس مین یا سماجی شخصیت کو مقرر کیا جائے: اون کراچی فاؤنڈیشن 

  کراچی کا ایڈمنسٹریٹر کسی بزنس مین یا سماجی شخصیت کو مقرر کیا جائے: اون ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


  کراچی (اسٹاف رپورٹر) اون کراچی فاؤنڈیشن کے ترجمان نے مطالبہ کیاہے کہ کراچی کا ایڈمنسٹریٹر اچھی شہرت کے حامل کسی معروف بزنس مین یا ممتاز سماجی شخصیت کو مقرر کیاجائے۔ ترجمان کے مطابق گذشتہ روز کراچی کی تازہ ترین صورتحال کے حوالے سے اون کراچی کی کور کمیٹی کا اجلاس منعقد ہو ا جس میں حالیہ بارشوں کے بعد کراچی کی تباہ حال صورتحال اور میئر کراچی کی مدت کے خاتمے کے بعد کراچی کے لیے ایڈمنسٹریٹر کی تقرری کے حوالے سے صورتحال کا جائزہ لیاگیا۔اجلاس میں اس بات کا  نوٹس لیا گیاکہ کراچی کے میئر کی مدت ختم ہونے والی ہے اور پیپلز پارٹی کی جانب سے یہ عندیہ دیا جا رہا ہے کہ کراچی کا ایڈمنسٹریٹر کسی بیوروکریٹ کو لگایا جائے۔ترجمان نے بتایاکہ اون کراچی فاؤنڈیشن کی کور کمیٹی نے اس بات کو سختی سے رد کرتے ہوئے مطالبہ کیاہے کہ کراچی کے پیچیدہ مسائل حل کرنے کے لیے ناگزیر ہوگیا ہے کہ کراچی کا ایڈمنسٹریٹر بزنس کمیونٹی سے لیاجائے یا کسی معروف سماجی شخصیت کا انتخاب عمل میں لایاجائے۔کورکمیٹی کا کہنا ہے کہ کراچی ملک کی معاشی شہہ رگ ہے اور67فیصد ٹیکس کراچی سے وصو ل کیا جا تا ہے لہٰذا کراچی کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ کراچی کو اندھیروں کا شہر بنانے والوں کو محاسبہ کیا جائے اور اسے دوبارہ روشنیوں کو شہر بنایا جائے۔ماضی میں سیاسی رسہ کشی، لسانی کشیدگی، اداروں کی نا اہلی اور تباہ حال انفراسٹرکچر نے کراچی کوبربادکر دیا ہے۔ کراچی جو کسی زمانے میں دنیا بھر میں روشنیوں کا شہر سمجھاجاتا تھا آج تباہی کے اندھیروں میں ڈوب چکا ہے، کاروبار تباہ ہو چکے ہیں، سماجی زندگی دشوار ہو گئی ہے اور عوام کی مشکلات بڑھتی جا رہی ہیں۔ موجودہ بارشوں نے کراچی کے تمام متعلقہ اداروں اور اسکے انفراسٹرکچر کا پول کھول کر رکھ دیا ہے۔کراچی کو اس تباہی سے اسی وقت نکالا جا سکتا ہے جب اس شہر کی باگ ڈور اسی شہر سے تعلق رکھنے والے کسی متحرک بزنس مین یا سماجی رہنما کے ہاتھ میں دی جائے گی۔ترجمان نے بتایا کہ عاشورہ کے فوری بعد اون کراچی فاؤنڈیشن  کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوگا جس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کرکے کراچی کی بحالی کے لیے اہم فیصلے کیے جائیں گے۔

مزید :

صفحہ آخر -