فیصل آباد کیلئے 13ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج کا اعلان 

        فیصل آباد کیلئے 13ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج کا اعلان 

  

 فیصل آباد(سپیشل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے بلدیاتی اداروں کے منجمدفنڈز کی بحال کردیئے ہیں۔وزیراعلیٰ نے فیصل آبادکیلئے 13ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیا ہے جبکہ سوشل میڈیا پر نفرت انگیز تقاریر اورویڈیو پوسٹ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کا حکم بھی دے دیا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے گزشتہ روز فیصل آباد کا تفصیلی دور ہ کیا اورآمدکے فوراً بعد لائل پور آرٹ اینڈکرافٹ گیلری کا افتتاح کیا۔وزیراعلیٰ نے چناب کلب چوک میں لائل پور آرٹ اینڈ کرافٹ گیلری کی تختی کی نقاب کشائی کی اور لائل پور آرٹ اینڈ کرافٹ گیلری کے مختلف شعبے دیکھے۔لائل پور آرٹ اینڈ کرافٹ گیلری میں قیدیوں کی بنائی ہوئی دستکاریوں کی نمائش کی گئی۔ آرٹ اینڈ کرافٹ گیلری میں مقامی طورپرتیار کردہ روایتی ملبوسات بھی رکھے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے آرٹ کے نمونوں میں گہری دلچسپی کا اظہارکیااورمقامی طورپر قالین کے نمونے بھی دیکھے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر لائل پورآرٹ اینڈ کرافٹ گیلر ی کے قیام کو خوش آئندقراردیتے ہوئے کہا کہ لائل پور آرٹ اینڈ کرافٹ گیلری کے قیام سے مقامی ثقافت کو فروغ ملے گا۔مقامی دستکاریوں کوملکی اورغیر ملکی سطح پر متعارف کرانے میں آرٹ اینڈ کرافٹ گیلری اہم کردار ادا کرے گی۔ لائل پور آرٹ اینڈ کرافٹ گیلری جیسے پراجیکٹ سیاحت کے فروغ میں اہم کردارادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مستقبل میں پنجاب سیاحت کا حب بن کرابھرے گا۔پنجاب کی مقامی دستکاریاں اورفنون لطیفہ دنیا بھر میں پاکستان کاسافٹ امیج اجاگر کریں گے۔کمشنر فیصل آباد میں وزیراعلیٰ کو لائل پورآرٹ اینڈ کرافٹ گیلری کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت سرکٹ ہاؤس فیصل آباد میں خصوصی اجلاس منعقد ہوا اور محرم الحرام کے انتظامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔آرپی او فیصل آباد نے محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات سے آگاہ کیا۔وزیراعلیٰ نے سوشل میڈیا پر نفرت انگیز تقاریر اورویڈیو شیئر کرنے والے عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں۔محرم الحرام کی سکیورٹی میں کسی قسم کی غفلت اورکوتاہی برداشت نہیں۔محرم الحرام کے دوران ضابطہ اخلاق پر پابندی کو یقینی بنایا جائے۔متعلقہ منسٹرز اپنے علاقے میں مجالس اورجلوس کی سکیورٹی انتظامات کی نگرانی کریں۔وزیراعلیٰ نے مجالس اورجلوسوں میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران ماسک اورسماجی فاصلے کی پابندی پر عمل کیا جائے۔ کمشنر فیصل آباد نے زیر تکمیل اورنئے ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا فیصل آباد کے شہر کی ترقی کیلئے 13ارب روپے کے خصوصی پیکیج کا اعلان کیااورکہا کہ فیصل آباد میں سیوریج اورپینے کے صاف پانی کے مسائل ترجیحاً حل کریں گے۔کشمیر انڈر پاس کو جلد از جلد مکمل کریں گے،50کروڑ جاری کردیئے گئے ہیں۔حسیب شہید ہسپتال کے لئے 50کروڑ روپے کے فنڈزفراہم کیے جاچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں صحافی کالونی کیلئے اراضی کی نشاندہی کاعمل مکمل ہوچکا ہے۔صحافی کالونی کیلئے بسم اللہ پور میں 187کینال اراضی کی نشاندہی کی گئی ہے۔صحافی کالونی کے قیام کا وعدہ پوراکروں گا۔چاہتا ہوں کہ فیصل آباد کا ہر چھوٹا بڑا مسئلہ حل کروں۔انہوں نے کہا کہ پولیس میں 10ہزار نئے کانسٹیبل بھرتی کیے جارہے ہیں۔ 600نئی گاڑیاں پولیس کو جلد مل جائیں گی۔پولیس میں سیاسی مداخلت کا خاتمہ کیا ہے۔پولیس میں تعیناتیاں میرٹ پر کی جارہی ہیں۔پولیس افسران جرائم کے خاتمے کیلئے بھر پور محنت کریں۔انہوں نے کہا کہفیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی،فیصل آباد سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اورپی ایچ اے کے چیئرمینوں کا تقرر فوراً کیا جائیگا۔1200سے زائد سکولز اپ گریڈ کیے ہیں،مزید سکول بھی اپ گریڈ کریں گے۔فیصل آباد شہر کے بنیادی مسائل حل کرنے کیلئے فنڈز کی کمی نہیں آنے دیں گے۔اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ کو اپنے حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اراکین اسمبلی کی تجاویزکو نوٹ کیا اوران کے حل کیلئے احکامات جاری کیے۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے بلدیاتی اداروں کے فنڈز بحال کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی اداروں کے فنڈز بحال کرنے سے صوبے میں ترقی کا نیا دور شروع ہوگا۔ڈپٹی کمشنر عوامی نمائندوں کی مشاورت سے بلدیاتی اداروں کے فنڈز خرچ کریں گے۔ بلدیاتی اداروں کے نمائندے مقامی سطح پر کام کرنے کیلئے آزاد ہوں گے۔جنوبی پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں پر توجہ دے رہے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے کا وزیراعلیٰ ہوں کوئی بھی مجھ سے ملاقات کرسکتا ہے۔فیصل آباد کے تمام مسائل حل کریں گے۔فیصل آباد کی بزنس کمیونٹی سے ملاقات سود مند رہی۔ فیصل آباد کے ارکان اسمبلی سے عوامی مسائل پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پنجاب میں آٹے کا نرخ دوسرے صوبوں کی نسبت کم ہے۔خود فیلڈ میں جاکر آٹے کی فراہمی اورنرخ کا جائزہ لوں گا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے دیگر شہروں کے جلد دورے کروں گا۔فیصل آباد میں صحافیوں کالونی کے لئے بسم اللہ پور میں 187کینال اراضی کی نشاندہی مکمل ہوچکی ہے۔فیصل آباد کی صحافی کالونی کا نوٹیفکیشن جلد کردیا جائے گا۔قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے جی سی یونیورسٹی فیصل آباد کے سمندری آئی ٹی سب کیمپس کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ سمندری میں جی سی یونیورسٹی فیصل آباد کا آئی ٹی سب کیمپس ایک ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے تختی کی نقاب کشائی کر کے سمندری آئی ٹی سب کیمپس کے منصوبے کاسنگ بنیاد رکھ دیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ خواہش ہے پنجاب کے ہر ضلع میں یونیورسٹی قائم ہو۔نوجوانوں کیلئے ہائر ایجوکیشن کے مواقع بڑھانا چاہتے ہیں۔صوبائی وزراء حافظ ممتاز احمد،اجمل چیمہ،ارکان قومی وصوبائی اسمبلی،چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس،چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات،ایڈیشنل چیف سیکرٹری اربنائزیشن اینڈ انفراسٹرکچر،متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز،فیصل آباد کے کمشنر،آر پی اواوردیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسرکٹ ہاؤس فیصل آباد سے سول لائنز کے قریب جنرل سٹور پر اچانک پہنچ گئے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سٹور میں اشیاء ضروریہ کے نرخ کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ نے آٹے کے 20کلو تھیلے کے نرخ دریافت کیے۔وزیراعلیٰ نے جنرل سٹور پر موجود چینی کی قیمت بھی چیک کی۔وزیراعلیٰ نے دالوں اوردیگر اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کا بھی جائزہ لیا۔دوکاندار نے کہا کہ وزیراعلیٰ کو اچانک اپنے سٹور پر دیکھ کر خوشی ہوئی۔اشیاء حکومت کے مقررکردہ نرخ پر بیچ رہے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبہ بھر میں آٹا چینی اوردیگر اشیاء کے نرخ خود چیک کروں گا۔آج فیصل آباد آیا ہوں،کل کسی اورشہر میں جا کر نرخ چیک کرسکتا ہوں۔کسی کو اوور چارجنگ کی اجازت نہیں دیں گے۔وزیراعلیٰ وزیراعلیٰ پنجاب کے مسلم لیگ ن کے ارکان اسمبلی سے دوبارہ رابطے، عثمان بزدار سے مسلم لیگ ن کے گوجرانوالہ سے رکن پنجاب اسمبلی اشرف انصاری نے ملاقات کی ہے۔لیگی رہنما اشرف انصاری نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو حلقے کے مسائل اور گوجرانوالہ کے ایشوز سے آگاہ کیا، اس موقع پر یونس انصاری اور دیگر شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے عوامی مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔عثمان بزدار کا کہنا تھا فیصل آباد جا رہا ہوں، جلد گوجرانوالہ بھی آؤں گا، گوجرانوالہ کے شہریوں کو صحت اور تعلیم کی بہترین سہولتیں فراہم کریں گے، گوجرانوالہ میں سیوریج کے مسائل کے دیرپا حل کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، گوجرانوالہ کو اس کا جائز حق دیں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا سابق حکمرانوں کی طرح نمائشی منصوبوں کی جگہ عوامی ضروریات کے مطابق پراجیکٹس پر کام کر رہے ہیں، گوجرانوالہ کو موٹروے سے لنک کرنے کے حوالے سے جلد خوشخبری دیں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار جلد مزید لیگی اراکان سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

وزیراعلیٰ

مزید :

صفحہ اول -