پنجاب سرمایہ کاری بورڈ سرمایہ کاروں کی معاونت کرے،سردار تنویر الیاس
لاہور(لیڈی رپورٹر)چیئرمن پنجاب سرمایہ کاری بورڈ سردار تنویر الیاس خان کی زیر صدارت پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں افسران اپنے اپنے شعبوں کے متعلق تفصیل سے بریفنگ دی۔چیئرمن پنجاب سرمایہ کاری بورڈ سردار تنویر الیاس خان نے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ شخصیات جو سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کی انتظامیہ انہیں ہر لحاظ سے معاونت فراہم کرے۔ اس سے ملک میں کی گئی سرمایہ کاری آئندہ کی نسلوں کے لئے میراث بنے گی۔سردار تنویر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ترقی کی ضرورت ہے، وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا ویڑن ہے کہ کیپیٹل مارکیٹ ترقی کرے، ان کے ویژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے ماحول سازگار ہے، چین پاکستان کا بڑا اقتصادی شراکت دار ہے،اس لیے پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کی انتظامیہ چین،وسط اشیا اور خلیج کے مختلف سرمایہ کاروں سے مسلسل رابطے میں ہے اور بہت جلد سرمایہ کاری کانفرنس میں تمام ممالک کے سرمایہ کاروں کو مدعو کیا جاے گا اور سیمینار میں بزنس کیمونٹی کو سرمایہ کاری کے مواقعوں پر تفصیلی بریفنگ دی جاے گی۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی حکومت شفافیت پر یقین رکھتی ہے، پاکستان نے دنیا بھر کو یہ پیغام دے دیا ہے کہ پاکستان معاشی نظم و ضبط قائم کرے گا۔ وزیر اعظم پاکستان کے ویڑن کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے واضع طور پر کہا ہے کہ کاروبار کرنے میں ماضی کی مشکلات اور کرپشن نہیں ملے گی، پاکستان کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے والا ملک بن رہا ہے۔سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ بہت جلد ٹیکنالوجی کے شعبہ میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری ہونے کی نوید سنائی جائے گی۔ اس کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہو گا کہ پنجاب میں زراعت اور ٹیکنالوجی کی صنعت میں سرمایہ کاری کے تحت بے روزگار افراد کو روزگار کے مواقع فراہم ہونگے۔ سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ بیرون ممالک کے سرمایہ کاروں کی پنجاب میں سرمایہ کاری میں دلچسپی اس بات کا ثبوت ہے کہ موجودہ صورت حال میں باقی دنیا سرمایہ کاری کی تلاش میں سست روی کا شکار ہے مگر پاکستان وباء کے برخلاف ان کوششوں اور مواقعوں کے تسلسل کو جاری رکھے ہوئے ہے۔