تعلیمی اداروں کا مقصدطلبا میں شعورو آگاہی پیدا کرنا ہے،پروفیسر امجد علی

 تعلیمی اداروں کا مقصدطلبا میں شعورو آگاہی پیدا کرنا ہے،پروفیسر امجد علی

  

لاہور (پ ر)ریکٹر یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز پروفیسر امجد علی خان نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں کا مقصد علم کے فروغ کے ساتھ ساتھ طلبا میں شعور اور آگاہی بھی فراہم کرنا بھی ہے اور اب یہ تعلیمی اداروں کا فرض ہے کہ وہ اپنے طلبا کی نصابی ضروریات کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی سماجی تربیت کے لیے بھی اہم کردار ادا کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز کے ڈاکٹر نثاراحمدآڈیٹوریم میں یونیک گروپ کوآرڈینیشن ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے فیصلے اور اعلان کے مطابق پنجاب کے تعلیمی ادارے 15ستمبر سے کھولے جائیں گے اور اس ضمن میں تعلیمی اداروں کا فرض ہے کہ وہ اپنے اداروں کو کھولنے سے پہلے حکومت کی جانب سے دیے گئے تمام ایس او پیز پر عمل درآمد کروانے کے لیے خصوصی پالیسی وضع کریں۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے حالات کے باعث تعلیمی اداروں کو بند کرنے سے طلبا کی نصابی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوئی ہیں اور اب یہ تعلیمی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ طلبا کی نصابی سرگرمیوں کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ ان میں مرض سے متعلق آگاہی بھی پیدا کریں جس سے طلبا نہ صرف اپنے آپ کو مرض سے بچانے میں کامیاب ہو سکیں گے بلکہ وہ اس کے پھیلاؤ کو روکنے میں بھی مددگار ثابت ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ایس او پیز پر عمل در آمد کروانے سے نہ صرف تعلیمی اداروں کو مر ض سے مکمل طور پر بچایا جا سکے گابلکہ اس سے طلبا کی سماجی تربیت بھی ہو سکے گی۔ورکشاپ میں ڈائریکٹر یونیک گروپ پروفیسر وسیم انور چوہدری،پرنسپل کوآرڈینیشن ڈیپارٹمنٹ پروفیسر کامران مرزاکے علاوہ پچاس سے زائد تعلیمی اداروں کے مالکان نے شرکت کی۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -