کمشنر عابد وزیر نے مردان میں سیف سٹی پراجیکٹ کا افتتاح کردیا 

  کمشنر عابد وزیر نے مردان میں سیف سٹی پراجیکٹ کا افتتاح کردیا 

  

مردان (بیورورپورٹ)  مردان میں سیف سٹی پراجیکٹ کا افتتاح ہوگیا ڈپٹی کمشنر مردان عابد وزیر اور ڈی پی او ڈاکٹر زاہد اللہ خان نے پولیس لائن میں کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹرکا افتتاح کیا، اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نیک محمد و دیگر اعلی حکام سمیت پولیس آفیسرز موجود تھے،ایکسین ہائی وے ڈویژن مردان عبدالودود نے شرکاء کو سیف سٹی پراجیکٹ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ شہر کے 16چوکوں میں 72سٹل کیمرے اور 09پی ٹی زیڈ کیمرے نصب کیے جائینگے جن کو تین روٹس میں تقسیم کیا گیا ہے جس کی تخمینہ لاگت 12ملین ہوگا، ڈپٹی کمشنر عابد وزیر نے کہا کہ یہ پراجیکٹ مردان کے شہری علاقوں میں بحیثیت پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا گیا ہے جس کو ضلع بھر میں فیز 2کی شکل میں توسیع دی جائے گی۔یہ پراجیکٹ ایک ماڈل کے طور پر کارآمد ثابت ہوگا اور مستقبل میں صوبائی حکومت سے اس میں مزید توسیع کیلئے مدد کی درخواست کرینگے۔میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی پی او ڈاکٹر زاہد اللہ کا کہنا تھا کہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے سماج دشمن عناصر کی سرگرمیوں پر کڑی نظر جبکہ مردان شہر کے داخلی اور خارجی راستوں کی بھی مانیٹرنگ کی جا سکے گی جس کی مدد سے جرائم کی روک تھام میں پولیس کو جدید تقاضوں کے مطابق مدد حاصل ہوگی، مزید انہوں نے کہا کہ ہمارے تھانہ جات، دفاتر اور پولیس ہیڈ کوارٹر کے کیمرے بھی اس کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کیساتھ منسلک کیے جائینگے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -