دورہ انگلینڈ کے دوران کوچز کیا کرتے رہے؟ شان مسعود نے بتا دیا
لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن) قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے اوپنر شان مسعود نے کہا ہے کہ مصباح الحق کی سربراہی میں لیجنڈری کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم مینجمنٹ نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوران کھلاڑیوں کی کمزوریوں کو دور کرنے کیساتھ ساتھ ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی مضبوط ٹیم مینجمنٹ سے متعلق کرس ووکس کے سوال کے جواب میں شان مسعود نے کہا کہ مصباح الحق کی سربراہی میں لیجنڈری کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم مینجمنٹ نے ٹیسٹ سیریز کے دوران کھلاڑیوں کی کمزوریوں کو دور کرنے کیساتھ ساتھ ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی، جو مفید ثابت ہوئی۔ یونس خان کے ساتھ ان کی دوستی دیرینہ ہے اور بطور بیٹنگ کنسلٹنٹ ان کی موجودگی میں سیریز کے پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں سنچری سکور کرنا ان کیلئے ایک یادگار لمحہ تھا۔
شان مسعود نے کہا کہ وقار یونس نے نوجوان فاسٹ باﺅلرشاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ کے ساتھ بہت کام کیا ہے یہاں تک کہ قومی کرکٹ ٹیم کے باؤلنگ کوچ نے نیٹ میں ان کی باؤلنگ پر بھی بہت محنت کی جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ ساؤتھمپٹن ٹیسٹ کے ایک موقع پر ان سے بھی باؤلنگ کروائی گئی۔
شان مسعود نے کہا کہ اسی طرح مشتاق احمد کا انگلش ٹیم کے ساتھ تجربہ بھی قومی ٹیسٹ ٹیم کیلئے مفید ثابت ہوا۔ بائیو سیکیور ماحول ایک نیا تجربہ تھا، جہاں موجود بہترین سہولیات میں تمام کرکٹرز بھرپور محنت کرتے نظر آئے، دورہ انگلینڈ کا آغاز ڈربی سے ہوا، جہاں ان مشکل حالات کے باوجود ہماری میزبانی میں کوئی کمی نہیں چھوڑی گئی۔