پاکستان میں ہاکی سرگرمیاں کب بحال ہوں گیں؟ کھلاڑیوں کیلئے خوشخبری آ گئی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی پیروی کرتے ہوئے کھلاڑیوں کی کورونا ٹیسٹنگ سے ڈومیسٹک سرگرمیاں بحال کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ایچ ایف ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی میں شیڈول ہاکی فائیو ٹورنامنٹ میں شرکت کیلئے کورونا منفی رپورٹ لازمی قرار دیدی گئی ہے، ایونٹ کیلئے 8 سے 10 ستمبر اب تک مجوزہ تاریخیں ہیں اور ایونٹ میں شرکت کیلئے کھلاڑیوں، میچ آفیشلز اور گراﺅنڈ سٹاف کا بھی کورونا فری ہونا ضروری ہوگا۔
عبدالستار ایدھی ہاکی سٹیڈیم میں ٹیموں کو ٹھہرانے کے انتظامات کئے جارہے ہیں جہاں سینی ٹائزر گیٹ اور ٹمپریچر گن بھی استعمال ہو گی۔ ٹیموں کو ایک دن میں دو میچز بھی کھیلنا ہوں گے اور ہر میچ 20,20 منٹ کے 2 ہاف پر مشتمل ہو گا۔ مجوزہ شیڈول کا اعلان حکومت کی جانب سے کلیئرنس سے مشروط کیا گیا ہے، پی ایچ ایف کو وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا اور سندھ حکومت کو لکھے جانے والے خطوط کے حتمی جواب کا انتظار ہے۔پروگرام میں بارشوں کی حالیہ لہر سے ایونٹ کو چند دن آگے بھی بڑھانے کا آپشن رکھا گیا ہے۔
ایونٹ میں 10 سے 12 محکمہ جاتی ٹیموں کی شرکت کا امکان ہے، کورونا صورت حال میں بہتری کے بعد یہ رواں سال کا پہلا پی ایچ ایف ایونٹ ہوگا۔ایشین ہاکی فیڈریشن اور انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن اب ہاکی فائیو کے فروغ میں دلچسپی لے رہی ہے اس لئے پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اس فارمیٹ کے ایونٹس کو اپنی ترجیحات میں شامل کیا ہے۔