زلفی بخاری ریحام خان کے خلاف عدالت چلے گئے، عمران خان کی سابقہ اہلیہ نے کیا الزام لگایا تھا؟

زلفی بخاری ریحام خان کے خلاف عدالت چلے گئے، عمران خان کی سابقہ اہلیہ نے کیا ...
زلفی بخاری ریحام خان کے خلاف عدالت چلے گئے، عمران خان کی سابقہ اہلیہ نے کیا الزام لگایا تھا؟

  

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے وزیراعظم عمران خان کی دوسری سابق اہلیہ ریحام خان کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کر دیا۔ دی نیوز کے مطابق زلفی بخاری نے لندن ہائیکورٹ میں یہ مقدمہ ہوٹل روزویلٹ کے متعلق ریحام خان کے ریمارکس کی بنیاد پر دائر کیا ہے۔ چند ہفتے قبل نیویارک میں واقع پی آئی اے کے ہوٹل روزویلٹ کی فروخت کا میڈیا پر چرچا ہوا جس پر ریحام خان نے ایک ٹویٹ کے ذریعے الزام عائد کر دیا کہ زلفی بخاری کے اس ہوٹل کی فروخت سے ذاتی مفادات وابستہ ہیں اور وہ خود اس ہوٹل کو خریدنا چاہتے ہیں۔

اپنے خلاف زلفی بخاری کی طرف سے دائر کیے گئے اس مقدمے کا اعلان بھی ریحام خان نے خود اپنے ٹوئٹر اکاﺅنٹ کے ذریعے کیا ہے۔ٹویٹ میں ریحام خان نے اپنے خلاف ہونے والے مقدمے کے متعلق بتاتے ہوئے لوگوں سے 30ہزار پاﺅنڈ (تقریباً 66لاکھ48ہزار روپے) چندہ دینے کی اپیل بھی کی ہے تاکہ وہ قانونی اخراجات پورے کر سکیں اور زلفی بخاری کے خلاف مقدمہ لڑ سکیں۔ریحام خان نے اگرچہ اس ٹویٹ میں یہی بتایا ہے کہ زلفی بخاری نے ہوٹل روزویلٹ کے معاملے پر ان کی ٹویٹ کی وجہ سے مقدمہ دائر کیا ہے تاہم مقدمے کی دستاویز سے معلوم ہوا ہے کہ اس میں ریحام خان کی دیگر کئی ٹویٹس اور ری ٹویٹس کو بھی بنیاد بنایا گیا ہے جن میں ریحام خان نے زلفی بخاری پر کرپشن کے کئی الزامات عائد کر رکھے ہیں۔لندن ہائیکورٹ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس مقدمے کا ٹرائیل لگ بھگ 8ماہ بعد شروع ہو گا۔ مقدمے میں ریحام خان کی وکالت ہیملنز لاءفرم کر رہی ہے۔ ریحام خان نے اپنے خلاف عائد کیے گئے تمام الزامات کی تردید کی ہے اور مقدمے کا سامنا کرنے کا اعلان کیا ہے۔

مزید :

برطانیہ -