نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم ہوم سیزن میں دل کھول کرکٹ کی پیاس بجھائے گی، پاکستانی ٹیم کب دورہ کرے گی اور کتنے میچز کھیلے جائیں گے؟ آپ بھی جانئے
ویلنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم ہوم سیزن میں دل کھول کر کرکٹ کی پیاس بجھائے گی اور پاکستان سمیت 4 ٹیموں کیخلاف سیریز کھیلے گی جس دوران 37 روز انٹرنیشنل کرکٹ ہو گی اور ان تمام سیریز کا شیڈول بھی جلد جاری کر دیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈکے چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ وائٹ نے کہاکہ مینز کرکٹ کے شیڈول کو حتمی شکل دی جا رہی ہے، سب سے پہلے ویسٹ انڈین ٹیم تین ٹی 20 اور دو ٹیسٹ میچز کیلئے آئے گی،اس کے بعد پاکستانی سکواڈ بھی اتنے ہی ٹی 20اور ٹیسٹ میچز کھیلے گا، پھر آسٹریلیا کو 5 مختصر ترین فارمیٹ کے میچز اور بنگلہ دیش کو تین ٹی 20 اور اتنے ہی ون ڈے میچز کی سیریز کھیلنا ہے۔ چاروں ٹیموں نے ٹور پر آمادگی ظاہر کر ہے، سیزن کا آغاز نومبر کے آخر میں ویسٹ انڈین ٹیم کے دورے سے ہوگا، جس کے بعد پاکستانی ٹیم آئے گی۔
نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے چیف ڈیوڈ وائٹ نے کہا کہ جمعرات کو بورڈ میٹنگ میں ہوم سیزن کو حتمی شکل دینے پر بات ہو گی اور ہماری کوشش ہے کہ انٹرنیشنل میچز کے دوران کچھ تماشائیوں کو آنے کی بھی اجازت مل جائے۔ یاد رہے کہ تازہ ترین الرٹس کے تحت 100 سے زائد افراد کے اجتماع پر پابندی ہے اور اس وجہ سے نیوزی لینڈ کا دورہ کرنے والی تمام مہمان ٹیموں کو بھی قرنطینہ اختیار کرنا پڑے گا۔
ڈیوڈ وائٹ نے کہاکہ اس مقصد کیلئے ایسی جگہ کا انتخاب کیا جائے گا جہاں پر کھلاڑی پریکٹس کا سلسلہ بھی جاری رکھ سکیں، ویسٹ انڈین ٹیم 2 حصوں میں آئے گی، کچھ کھلاڑی انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے دوران جبکہ باقی اختتام پرآ ئیں گے، بھارتی لیگ میں شریک کیوی پلیئرز کو بھی وطن واپسی پر قرنطینہ کرنا پڑے گا، آئندہ ماہ ویمنز ٹیم کا دورہ آسٹریلیا شیڈول ہے، بعد میں انگلینڈ کی شمولیت سے ویمنز ٹرائنگولر سیریز بھی کھیلی جائے گی۔