پاک، زمبابوے سیریز کیلئے کون سا شہر فیورٹ ہے؟ خبر آ گئی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان اور زمبابوے کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ون ڈے اور ٹی 20 سیریز کی میزبانی کیلئے لاہور کو فیورٹ قرار دیا جانے لگا جبکہ اس کیساتھ راولپنڈی کا نام بھی زیر غور ہے۔
تفصیلات کے مطابق مجوزہ شیڈول کے تحت زمبابوے کی ٹیم کو اکتوبر کے تیسرے ہفتے میں پاکستان آ کر 14 روزہ قرنطینہ کی مدت پوری کرنے کے بعد نومبر میں سیریز کھیلنا ہے اور تاحال 3 ون ڈے اور اتنے ہی ٹی 20 میچز کا پلان ہے، اس ضمن میں دونوں بورڈز کے درمیان بات چیت جاری ہے اور میچز کی تعداد میں اضافے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بائیو سیکیور ماحول یقینی بنانے میں آسانی کے پیش نظر سیریز کیلئے ویسے تو لاہور کیساتھ راولپنڈی کا نام بھی زیر غور ہے لیکن تمام میچز لاہور میں کھیلے جانے کے امکانات زیادہ ہیں کیونکہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پلے آف میچز اور فائنل بھی زندہ دلوں کے شہر میں کرانے کی منصوبہ بندی ہورہی ہے۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ ڈومیسٹک سیزن کے آغاز میں ملتان کا سٹیڈیم نیشنل ٹی 20 میچز کی میزبانی کیلئے فیورٹ ہوگا۔
ذرائع کے مطابق قائد اعظم ٹرافی کیلئے کراچی کا انتخاب کیا جاسکتا ہے، فرسٹ اور سکینڈ الیون کے تمام مقابلے نیشنل سٹیڈیم، یوبی ایل سپورٹس کمپلیکس، نیشنل بینک سٹیڈیم، سٹیٹ بینک اور دیگر گراﺅنڈز پر تجویز کئے گئے ہیں، تمام ٹیموں اور آفیشلز کو ایک ہی ہوٹل میں قیام کرانے کا بھی سوچا جارہا ہے تاکہ کورونا ٹیسٹنگ میں کلیئرنس کے بعد بائیو سیکیور ماحول کو یقینی بنانے میں مشکلات کم سے کم ہوں۔