اگر بھارت نے حملہ کرنے کی غلطی دوہرائی تو اس پورے علاقے کو ۔۔۔صدر آزاد جموں و کشمیر نے نریندر مودی کو واضح پیغام دے دیا

 اگر بھارت نے حملہ کرنے کی غلطی دوہرائی تو اس پورے علاقے کو ۔۔۔صدر آزاد جموں ...
 اگر بھارت نے حملہ کرنے کی غلطی دوہرائی تو اس پورے علاقے کو ۔۔۔صدر آزاد جموں و کشمیر نے نریندر مودی کو واضح پیغام دے دیا

  

 راولاکوٹ(ڈیلی پاکستان آن لائن) آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی، دہشت گرد تنظیم آر ایس ایس آزادکشمیر پر حملہ کرنے کی حماقت نہ کریں ، اگر بھارت نے حملہ کرنے کی غلطی دوہرائی تو خطہ پونچھ کے بہادر اور جری عوام اس پورے علاقے کو بھارتی فوج کا قبرستان اور آر ایس ایس کا شمشان گھاٹ بنا دیں گے۔

 بنجونسہ کے قریب میرال گلہ کے مقام پر  منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ ہم بھارت کو خبر دار کرتے ہیں کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں اپنا ظلم و ستم بند کرے،پاکستان اور آزادکشمیر کو جنگ کی دھمکیاں دینے سے باز آئے،اگر بھارت نے ہوش کے ناخن نہ لیے تو آزادکشمیر کے نوجوانوں کی رگوں میں اُن بہادر اور جری مجاہدوں کا خون دوڑ رہا ہے جنہوں نے خالی ہاتھ مہاراجہ کشمیر اور بھارت کی فوج کو شکست دے کر یہ خطہ آزادکرایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی آزادکشمیر خصوصاً پونچھ کے عوام 1947ء کی تاریخ دوہرانے کا جذبہ اور حوصلہ رکھتے ہیں، جموں وکشمیر کے عوام دو سو سال سے جنگ آزادی لڑ رہے ہیں اور یہ جنگ وہ اُس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک کشمیر اغیار کی غلامی سے مکمل آزادی حاصل نہیں کر لیتا۔

صدر آزاد جموں وکشمیر نے کہا کہ ہمارے بزرگ اور بعض نوجوان اختلاف رائے کی بات کرتے ہیں تو میں اُن سے کہتا ہوں کہ وہ اختلاف ضرور کریں مگر کشمیر کی آزادی پر پوری کشمیری قوم یکجان اور یکسو ہو کر اپنا کردار ادا کرنے کے لئے تیار رہے، پاکستان کے بائیس کروڑ عوام ہمارے ساتھ کھڑے ہیں،آزادکشمیر کے نوجوان پاک فوج کے ساتھ مل کر تحریک آزادی کشمیر کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے تیار ہیں۔ صدر آزادکشمیر نے کہا کہ 1947میں جب ہم نے جنگ آزادی کا آغاز کیا تھا تو اُس وقت ہمارے پاس ہتھیار تھے اور نہ ہی وسائل لیکن ہمارے بزرگوں نے بغیر ہتھیاروں کے جنگ آزادی لڑی اور ایک منظم فوج کو شکست دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ سات دہائیوں میں کشمیر کے تنازعہ پر چھ جنگیں لڑیں اور آج بھی کشمیر کی وجہ سے پاکستان نقصان اٹھا رہا ہے لیکن وہ کشمیریوں کی حمایت سے پیچھے ہٹنے کے لئے تیار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آزادکشمیر کا ہر بچہ، بوڑھا، جوان، مرد اور عورت جذبہ جہاد سے سرشار ہے اورکشمیر کی آزادی کے لئے ہر قسم کی قربانی دینے کے لئے تیار ہے، اس لئے بے ہمتی اور مایوسی کی باتیں چھوڑ کر کشمیر کی آزادی کے لئے ہم سب کو تیاری کرنی چاہیے۔ 

مزید :

علاقائی -آزاد کشمیر -مظفرآباد -