اینٹی کرپشن پنجاب نے صوبہ بھر میں قبضہ مافیا اور کرپٹ عناصر کے خلاف دبنگ اعلان کردیا

اینٹی کرپشن پنجاب نے صوبہ بھر میں قبضہ مافیا اور کرپٹ عناصر کے خلاف دبنگ ...
اینٹی کرپشن پنجاب نے صوبہ بھر میں قبضہ مافیا اور کرپٹ عناصر کے خلاف دبنگ اعلان کردیا

  

راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن)ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب محمد گوہر نفیس نے پنجاب بھر میں کرپٹ عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کی ہدایت کر دی۔ انہوں نے اینٹی کرپشن پنجاب کے تمام ریجنل ڈائریکٹرز  کو فیلڈ میں متحرک رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام ریجنز میں بد عنوان عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن سخت کر کے قانون کی بالادستی اور عام آدمی کی داد رسی کو یقینی بنایا جائے۔

تفصیلات کے مطابق  ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب  محمد گوہر نفیس نے اپنے ادارے کی صوبہ بھر میں ہونے والی  کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ  پنجاب بھر میں بد عنوانی کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری رہے گا،افسران  تمام ریجنز میں بد عنوان عناصراورقبضہ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن سخت کر کے قانون کی بالادستی اور عام آدمی کی داد رسی کو یقینی بنائیں۔

دوسری طرف ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب  کی ہدایت پر اوکاڑہ کے موضع بٹک تحصیل دیپا لپور میں مقامی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کارروائی کرتے ہوئے 219 کنال سرکاری اراضی واگزار کرا کے محکمہ مال کے حوالے کر دی، واگزار کرائی گئی زمین کی مالیت 6 کروڑ سے زائد ہے۔اینٹی کرپشن ڈی جی خان نے موضع دالانہ سے 361 کنال سرکاری زمین واگزار کروا لی، واگزار کرائی گئی زمین کی مالیت 1 کروڑ 30 لاکھ روپے ہے۔ دوسری جانب اینٹی کرپشن پنجاب نے سرگودھا، راولپنڈی، ساہیوال، گوجرانوالہ، ڈی جی خان اور بہاولپور ڈویژن میں کئی پٹرول پمپ سیل کر دئیے۔ پٹرول پمپس کو ڈی جی اینٹی کرپشن کی ہدایت پر کم مقدار اور شہریوں سے زیادہ دام وصول کرنے پر سر بہمر کیا گیا۔ اینٹی کرپشن سرگودھا ریجن نے 12 پٹرول پمپ چیک کئے, ان میں سے 3 کو سیل جبکہ 5 پٹرول پمپس کو مقدار میں کمی اور اوور چار جنگ پر جرمانے عائد کئے گئے۔

ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب کی ہدایت پر اینٹی کرپشن بہاولپور نے لیز پیریڈ گزر جانے کے باوجود چلنے والے 6 پٹرول پمپس سیل کر دئیے, اسی طرح اینٹی کرپشن ڈی جی خان نے آٹھ پٹرول پمپ چیک کئے, چار تسلی بخش جبکہ چار کو اوور چار جنگ یا مقدار میں کمی پر  ہزاروں روپے جرمانہ عائد کیا۔ اینٹی کرپشن ساہیوال ریجن نے ڈی جی کی ہدایت پر رات گئے 5 پٹرول پمپس چیک کئے۔چار  پٹرول پمپ تسلی بخش جبکہ ایک کو ذیادہ دام وصول کرنے پر 20 ہزار جرمانہ عائد کیا۔ڈی جی  اینٹی کرپشن پنجاب محمد گوہر نفیس نے ان کاروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ  صوبہ بھر میں بد عنوانی کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔ 

مزید :

علاقائی -پنجاب -راولپنڈی -