بورے والا میں شہدائے اسلام کنونشن، بڑی تعداد میں لوگوں کا پاکستان علماء کونسل میں شمولیت کا اعلان
بورے والا (ڈیلی پاکستان آن لائن) وہاڑی کی تحصیل بورے والا میں ہونے والے شہدائے اسلام کنونشن میں متعدد لوگوں نے پاکستان علماء کونسل میں شمولیت کا اعلان کردیا۔
پاکستان علماء کونسل تحصیل بورے والا کے زیر اہتمام شہدائے اسلام کنونشن منعقد کیا گیا جس کی صدارت تحصیل صدر محمد زبیر آزاد نے کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی مرکزی رابطہ سیکریٹری مولانا اشفاق پتافی اور ضلعی صدر حافظ طلحٰہ صدیقی تھے۔ کنونشن میں شہدائے کربلا کی شان فضیلت کو بھرپور انداز میں بیان کیا گیا۔
اپنے خطاب میں تحصیل صدر محمد زبیر آزاد کا کہنا تھا کہ علامہ طاہر محمود اشرفی کی قیادت میں مکمل اعتماد کے ساتھ ان کے مشن پر کام کر رہے ہیں، تحصیل بورے والا میں بھرپور انداز میں پاکستان علماء کونسل کو مضبوط کریں گے۔
کنونشن کے موقع پر بڑی تعداد میں علما اور نوجوانوں نے پاکستان علماء کونسل میں باقاعدہ شمولیت اختیار کی۔ شرکا نے تقریب کے بعد عبد الغنی ملاح اور ڈاکٹر سلطان ملاح کی رہائش پر ان کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پر مولانا احسان الحق، ملک عمر اعوان ، مولانا حمزہ ، قاری دین محمد ، حافظ وسیم اللہ، چوہدری علی حسن ، مہر عرفان، راؤ زبیر، سردار ٹیپو ڈوگر، چوہدری ہمایوں، مولانا عمر عثمان اور حافظ عبداللہ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔