خداراعوام کوریلیف دیں، حلقوں میں جانا مشکل ہوتا جار ہاہے
فیصل آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) 200 یونٹ تو ایک موٹر چلانے والے کا آ جاتا ہے،مسلم لیگ (ن) کے رہنما عابد شیر علی اپنی ہی حکومت پر برس پڑے اور عوام کے ساتھ احتجاج کرنے کی دھمکی دے دی،دوسری جانب الیکشن کمیشن نے این اے 108 میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار عابد شیر علی کو نوٹس جاری کر دیا۔فیصل آباد میں پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چودھری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عابد شیر علی نے کہا کہ اگر عوام کو ریلیف نہیں دیا گیا تو ہم خود عوام کے ساتھ احتجاج میں شامل ہوجائیں گے۔ آج مفتاح اسماعیل کے بیان پر افسوس ہوتا ہے، عمران خان نے جو معاہدے کیے وزیر خزانہ ان پر عمل نہیں کریں، آئی ایم ایف سے نئے معاہدے کیے جائیں، آج ہمارا مقابلہ عمران خان سے نہیں، بجلی کے بلوں سے شروع ہوگیا ہے، خدارا عوام کو ریلیف دیں، حلقوں میں جانا مشکل ہوتا جارہا ہے۔ دریں اثناء الیکشن کمیشن نے این اے 108 میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار عابد شیر علی کو نوٹس جاری کر دیا۔لیگی امیدوار عابد شیر کی جانب سے مبینہ طور پر حلقے کی مساجد میں بلوں کی درستگی اور فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی رقوم نکلوانے کے لیے اعلانات کرائے گئے جس پر الیکشن کمیشن نے چودھری عابد شیر علی کو نوٹس جاری کردیاہے۔
عابد شیر علی