وزیر خزانہ سے ایشیائی بینک کے وفد، جنوبی کوریا کے سفیر کی ملاقات 

وزیر خزانہ سے ایشیائی بینک کے وفد، جنوبی کوریا کے سفیر کی ملاقات 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر خزانہ و محصولات مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ حکومت پائیدار اقتصادی ترقی کے پروگراموں کو ترجیح دے رہی ہے، اس مقصد کیلئے ہماری ساری توجہ ڈھانچہ جاتی اصلاحات پر ہے، ایشیائی ترقیاتی بینک نے ہمیشہ پاکستان کے مؤثر اقتصادی شراکت دار کا کردار ادا کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد اور پاکستان میں جنوبی کوریا کے سفیر سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد کی قیادت پاکستان میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ینگ یی کر رہے تھے۔ وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا اور وزارت خزانہ کے سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیر خزانہ نے پاکستان کے اہم ترقیاتی شراکت دار کی حیثیت سے عالمی بینک کے کردار اور معاونت کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے پاکستان میں مختلف شعبوں میں تعاون کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے وفد کو بتایا کہ حکومت پائیدار اقتصادی ترقی کے پروگراموں کو ترجیح دے رہی ہے، اس مقصد کیلئے ہماری ساری توجہ ڈھانچہ جاتی اصلاحات پر ہے، اس ضمن میں ایشیائی ترقیاتی بینک نے ہمیشہ پاکستان کے مؤثر اقتصادی شراکت دار کا کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد کو پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد نے وزیر خزانہ کو بریس پروگرام کے بارے میں بریفنگ دی۔ وفد نے بتایا کہ پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امداد کے حوالہ سے کئی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ وزیر خزانہ نے اس حوالہ سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ بینک کی معاونت سے جاری پروگرامز اور منصوبوں کی بروقت تکمیل میں مکمل معاونت فراہم کی جائے گی۔ دریں اثناء  وزیر خزانہ سے پاکستان میں جنوبی کوریا کی سفیر سو سنگ پایو نے ملاقات کی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان دوستانہ تعلقات قائم ہیں، دونوں ممالک سرمایہ کاری، انسانی وسائل اور ترقیاتی معاونت سمیت مختلف شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت مختلف شعبوں میں جنوبی کوریا کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے پر توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے جنوبی کوریا کے سفیر کو پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے بھی آگاہ کیا تاکہ دوطرفہ تعلقات سے پوری طرح فائدہ اٹھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں جنوبی کوریا کے سرمایہ کاروں کو مکمل معاونت فراہم کی جائے گی۔ جنوبی کوریا کے سفیر نے دونوں ممالک کے درمیان بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیر خزانہ نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی لینے پر جنوبی کوریا کے سفیر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس ضمن میں حکومت مکمل معاونت فراہم کرے گی۔
مفتاح اسماعیل

مزید :

صفحہ آخر -