حکومت نے ڈھانچہ جاتی اصلاحات، وسائل کی منصفانہ تقسیم پر توجہ مرکوزکرلی
اسلام آباد (این این آئی)وزیرمملکت خزانہ ومحصولات ڈاکٹرعائشہ غوث پاشا نے کہاہے حکومت نے ڈھانچہ جاتی اصلاحات اور وسائل کی منصفانہ تقسیم پر اپنی توجہ مرکوزکرلی ہے، ملک کی پائیدار اقتصادی ترقی کیلئے انسانی سلامتی ضروری ہے، حکومت قومی یکجہتی اوراتحاد کیلئے کام کررہی ہے۔وہ جمعرات کویہاں آئی پی آرآئی کے زیراہتمام ”قومی شنا خت،اتحا د اورتنوع“ کے موضوع پرسیمینارسے خطاب کررہی تھیں۔انہوں نے کہا بطورپاکستانی ہمیں پاکستانی کے طورپرطرزعمل اپناناہوگا۔ملک کی پائیداراقتصادی ترقی کیلئے انسانی سلامتی ضروری ہے، اس کیساتھ ساتھ ہمیں اپنے وسائل کے اندررہتے ہوئے اخراجات کرنا ہونگے۔ حکومت قومی یکجہتی اوراتحاد کیلئے کام کررہی ہے، ہمیں اپنے قومی اقدارکے زریعے حب الوطنی اورسماجی یکجہتی کیلئے کام کرنا ہوگا۔ حکومت ناراض حلقوں سے مذاکرات پرتوجہ دے رہی ہے تاکہ قومی اتحاد اوریکجہتی کے مقاصد کوحاصل کیاجاسکے۔ قومی یکجہتی اورسماجی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے ڈھانچہ جاتی اصلاحات اور وسائل کی منصفانہ تقسیم ضروری ہے، حکومت نے اس ضمن میں اپنی توجہ مرکوزکرلی ہے،ڈھانچہ جاتی اصلاحات کاسلسلہ جاری ہے، اس کیساتھ ساتھ وسائل کی منصفانہ تقسیم بھی ضروری ہے۔ قومی یکجہتی کیلئے بین المذاہب ہم آہنگی ضروری ہے، اس مقصدکیلئے معاشرے کے تمام طبقات کواپنا کرداراداکرنا ہوگا۔ ریاست اورشہریوں کے درمیان رابطوں کے فروغ کیلئے اقدامات ضروری ہے، بہتراسلوب حکمرانی سے ریاست اورشہریوں کے درمیان رابطے مزید مضبوط ہونگے۔ قبل ازیں اپنے خطبہ استقبالیہ میں صدر آئی پی آر آئی سفیر (ر) ڈاکٹر رضا محمد نے شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا I گرینڈ نیشنل ڈائیلاگ کے سلسلے کا یہ تیسرا سیمینار ہے جو اقتصادی سلامتی کے موضوع سے شروع ہوا ہے۔ پاکستان آزادی کے بعد اپنے ابتدائی دور میں بہت سے سنگین مسائل سے گزرا، اسے جنگوں، معاشی بحرانوں اور دہشت گردی کا بھی سامنا کرنا پڑا جس نے ہماری سماجی واقتصادی ترقی اور قومی ہم آہنگی کو متاثر کیا۔ اس بحران نے ملک کے دیگر صوبوں میں بھی احساس محرومی پیدا کیا جس سے قومی یکجہتی میں دراڑیں پڑنا شروع ہوئیں جن کا دشمن عناصر نے فائدہ اٹھایا۔ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ نے 11 اگست 1947 کو اپنے خطاب میں قومی ہم آہنگی اور اتحاد اور میرٹ پر زور دیا۔ سابق سیکرٹری خارجہ سفیر (ر) ریاض محمد خان نے کہاپاکستان کی جدوجہد کا مقصدہندوستان کے مسلمانوں کے حقوق کا تحفظ تھا۔ پاکستان ایک کثیر الثقافتی اور کثیر النسل ملک ہے جس کی آزادی کی جدوجہد کا تاریخی پس منظر ہے۔ مقامی انسانی تہذیب میں قدیم اہمیت کی وجہ سے سندھ کو پاکستان کی شناخت کے طور پر لیا جانا چاہیے۔ سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا مکمل جمہوریت، وفاقی نظام، عوامی حکمرانی کی بالادستی، تنوع اور زبانوں کی قبولیت ہی قوم کی سیاسی اور معاشی ترقی کی ضامن ہوگی۔
عائشہ غوث پاشا