سیلاب متاثرین کو بے یارومدد گار نہیں چھوڑا جائیگا، نوابزادہ منصور
مظفر گڑھ،خان گڑھ (بیورور پورٹ، نامہ نگار)وزیر مال نوابزادہ منصور احمد خان نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے متاثرین کوکسی صورت بے یارو مددگار نہیں چھوڑا جائے گا یہ بات انہوں نے ایک اعلی سطحی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر سیلاب متاثرین کی جان و مال اور مال مویشیوں کے نقصانات کے ازالہ کے لئے ریلیف پیکج تیار کر لیا گیا ہے، جس کے تحت سیلابی صورتحال ختم ہونے کے بعد متاثرہ علاقوں کے سروے رپورٹ مرتب کی جائے گی۔نقصانات کی سروے رپورٹ کو نہایت جدید اندازمیں مرتب کیا جائے گا تاکہ کسی قسم کا ابہام پیدا نہ ہو۔انہوں نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ ڈیرہ غازی خان،(بقیہ نمبر43صفحہ6پر)
راجن پور اور میانوالی میں 538 بستیاں ہیں۔جہاں پر 4لاکھ 13ہزار388 نفوس متاثر ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ13لاکھ5 ہزار 7ایکڑ کا رقبہ متاثرہ ہوا۔جن میں سے 41ہزار 819 گھروں کو نقصان پہنچا۔بارشوں اور سیلاب سے 45جانیں گئیں۔ان متاثرہ علاقوں سے 36ہزار 718افراد کو ریسکیو کیا گیا۔ان متاثرہ علاقوں میں قائم51 ریلیف کیمپوں میں 3585افراد کو شیلٹر فراہم کی گئی۔انہوں نے بتایا کہ ڈیرہ غازی خان،راجن پور اور میانوالی کی 8تحصیلوں میں انتظامیہ کو 25228ٹینٹ،4400آٹا تھیلا، 45637فوڈ ہیمپرز،2654پکی پکائی کھانے کی دیگیں،12325مچھر دانیاں اور 3790منرل واٹر کی بوتلیں متاثرین کو فراہم کی گئیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب سیلاب کے دوران جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو 8لاکھ روپے،سیلاب سے معذور ہونے والوں کو 3لاکھ روپے،شدید زخمیوں کو ایک لاکھ روپے،معمولی زخمیوں کو 40ہزار روپے،سیلاب سے متاثر ہونے والے پکے،کچے اور معمولی نقصان پہنچنے والے گھروں کو50ہزار سے لے کر4لاکھ روپے دینے کا جائزہ لیا گیا ہے۔بارشوں اور سیلاب سے مرنے والے مویشیوں کے مالکان کو 50 ہزار روپے اور چھوٹے جانور بھیڑ بکری مرنے والے مالکان کو 5ہزار روپے دئے جائیں گے۔