ججوں کو دھمکیاں دینے کا الزام، رانا ثنا اللہ کیخلاف دہشت گردی، کار سرکار میں مداخلت کامقدمہ درج
گجرات (آئی این پی) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کیخلاف ججوں کو دھمکیاں دینے کے الزام میں دہشت گردی،کارسرکار میں مداخلت کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔رانا ثنا اللہ کیخلاف انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمہ گجرات کے تھانے میں درج کیا گیا ہے۔وفاقی وزیر داخلہ کیخلاف ایف آئی آر کنجاہ گجرات کے ایک شہری کی درخواست پر درج کی گئی ہے۔تھانہ انڈسٹریل اسٹیٹ فیز ٹو گجرات میں یہ ایف آئی آر مسلم لیگ (ق) کے مقامی رہنما شیخ شہکاز اسلم کی درخواست پر جمعرات کو درج کی گئی۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا ہے کہ انہوں نے ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں رانا ثنا اللہ کے 16اپریل 2021اور 29جنوری 2022 کے بیانات کے کلپ دیکھے۔ان ویڈیو کلپس میں رانا ثنا اللہ نے عدلیہ کے گھیراؤ، ان کو آئینی کام سے روکنے اور سرکاری اداروں کے ملازمین کو دھمکایا اور ان کے بچوں کو جان سے مارنے کی دھمکی دی۔دوسری طرف اس حوالے سے ٹوئٹر بیان میں مسلم لیگ ق کے رہنما مونس الٰہی نے کہا ہے کہ رانا ثنااللہ آپ ہمارے وزیراعظم عمران خان کیخلاف جھوٹے مقدمے بناتے ہو، آپ کیخلاف پاکستانی عوام نے سچا مقدمہ بنایا ہے،گرفتاری عنقریب ہوگی۔مونس الٰہی نے راناثناللہ کیخلاف درج ایف آئی آر بھی ٹوئٹر پر شیئرکی۔
رانا ثنا ء مقدمہ