مردان (بیورورپورٹ) واٹر اینڈ سینیٹشن سروسز کمپنی مردان اورمالک فاؤنڈیشن کے مابین مفاہمتی یاداشت پر دستخط ہو گئے۔کمپنی کی جانب سے چیف ایگزیکٹو آفیسر انجنیئر امیر خان مہمند اورفاؤنڈیشن کے صدر سید شیر شاہ نے دستخط کئے۔مفاہمتی یاداشت کے تحت مالک فاؤنڈیشن ڈبلیو ایس ایس سی ایم کو مردان شہر کے مختلف مقامات پر شجرکاری کے لئے پودے فراہم کرئے گا جبکہ ڈبلیو ایس ایس سی ایم پودوں کی دیکھ بھال اور آبیاری کی ذمہ دار ہوگی۔ اس موقع پر ڈبلیو ایس ایس سی ایم کے جنرل منیجر انجنیئر محمد خلیل اکبر،اسسٹنٹ منیجر کسٹمر ریلیشنز راحت اللہ اور مالک فاؤنڈیشن کے ڈاکٹر جنیداورمحمد قاسم بھی موجو د تھے۔ڈبلیو ایس ایس سی ایم کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر انجنیئر امیر خان مہمند نے کہاہے کہ شجر کاری ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے اور سیلاب کی روک تھام سمیت انسانی زندگی کی بقا ء کے لئے انتہائی ضروری ہے۔ پودے لگانا صدقہ جاریہ ہے اور معاشرے کے ہر فرد کوشجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لینا چاہیئے۔انہوں نے کہاکہ ڈبلیو ایس ایس سی ایم کی جانب سے پودوں کی نشونما اور دیکھ بھال کے لئے نامیاتی کھاد کو استعمال کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ شجرکاری کے ذریعے سے ماحول میں واضح تبدیلی لائی جاسکتی ہے۔ کلین اینڈ گرین پاکستان ہمار ا مشن ہے اور اس مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے تما م وسائل کوبروئے کار لائیں گے۔انہوں نے کہاکہ مالک فاؤنڈیشن کی جانب سے پھلدار پودے کمپنی کو فراہم کئے گئے ہیں اور ان پودوں کی نشونما کے لئے کمپنی نے اقدامات کئے ہیں۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ صفائی اور شجرکاری مہم میں کمپنی کے ساتھ تعاون کریں تاکہ مردان کو ایک خوبصورت اور پاک صاف شہر بنایا جاسکے۔مالک فاؤنڈیشن کے صدر سید شیر شاہ نے کہا کہ فاؤنڈیشن کی جانب سے گزشتہ تین سالوں کے دوران شہریوں میں ہزاروں مفت پودے تقسیم کئے گئے ہیں جس کا مقصد ماحول کو سرسبز و شاداب بنانا ہے۔انہوں نے کہاکہ فاؤنڈیشن کے رضا کار شجرکاری،میڈیکل کیمپ اور بلڈڈونیشن کیمپ لگا کر انسانیت کی خدمت کے لئے کوشاں ہیں۔انہوں نے کہاکہ مردان ہمارا گھر ہے اور اسے پاک صاف اور سرسبز بنانا ہمارا مشن ہے اور اس مشن کو کامیاب بنانے کے لئے تمام وسائل کو بروئے کار لائیں گے۔