ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اپر چترال فدالکریم کا سیلاب سے متاثرہ گاؤں ریشن کا دورہ
پشاور(سٹاف رپورٹر) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اپر چترال فدالکریم نے سیلاب سے متاثرہ گاؤں ریشن کا دورہ کیا۔جہاں انہوں نے روڈ اور واٹر سپلائی سکیمز کی بحالی کے کاموں کا بھی جائزہ لیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے بعد ازاں پیڈو پاور ہاؤس ریشن کا بھی دورہ کیا جہاں کئی روز سے بجلی کی سپلائی معطل تھی۔ انہوں نے مین سورس تک کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو بجلی کی سپلائی کو فوری طور پر یقینی بنانے کے لئے ٹھوس ہدایات جاری کیں۔اس موقع پر انہوں نے متاثرہ لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ متاثرہ علاقوں کی جلد از جلد بحالی اور متاثرین کی امداد کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے قبل ازیں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف اینڈایچ آر) طارق حسین نے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر مستوج محمد علی کے ہمراہ مستوج کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کھوز، چوئنج اور بریپ کا دورہ کیا اور متاثرین میں امدادی اشیاء تقسیم کئے۔علاقہ کھوز میں 10 عدد ٹینٹ، 10 عدد کیچن سیٹ، 10 عدد فوڈ آٹمز، 10 عدد کمبل جبکہ علاقہ چوئنج میں 8 عدد ٹینٹ، 8 عدد کیچن سیٹ، 8 عدد فوڈ پیکج، 8 عدد کمبل اور علاقہ بریپ میں 32 عدد ٹینٹ، 32 عدد کیچن سیٹ،82عدد فوڈ پیکچ اور32 عدد کمبل تقسیم کئے گئے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر مستوج کے ہمراہ بریپ اور یارخون ایریا میں سڑکوں کی بحالی کے کاموں کا بھی جائزہ لیا۔اس موقع پر انھوں نے متعلقہ محکموں کے افسران اور ٹھیکیداروں کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ متاثرہ شاہراہوں کی جلد ازجلد بحالی کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔