آل سیکرٹریز ایسوسی ایشن چارسدہ کا پشاور میں ویلج کونسل سیکرٹریز پر تشدد کیخلاف احتجاجی مظاہرہ
چارسدہ(بیورورپورٹ)آل سیکرٹریز ایسوسی ایشن کے صوبائی کابینہ نے پشاور میں حکومت کی جانب ویلج کونسل سیکرٹریز پر ہونے والے تشدد، فائرنگ اور شیلنگ کے خلاف چارسدہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔موجودہ حکومت پر کسی صورت اعتبار نہیں کیا جا سکتا اس لئے مطالبات کی منظوری کا نوٹیفکیشن جاری ہونے تک قلم چھوڑ اور تالہ بند ہڑتال جاری رہے گی۔ میئر پشاور کی یقین دہانی پر پشاور میں دھرنا ختم کیا ہے جبکہ اضلاع کی سطح پر احتجاجی ہڑتال مطالبا ت کی منظوری تک جاری رہے گی ۔تفصیلات کے مطابق آل سیکرٹری ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کے صوبائی کابینہ نے چارسدہ کے دورہ کے موقع پر چارسدہ پر یس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اس موقع ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر لیاقت علی خان جھگڑا، صوبائی جنرل سیکرٹری ملک ہدایت شاہ، ضلعی صدر انعام اللہ خان اور نائب صدر شاہد اللہ شاہد سمیت کابینہ کے دوسرے ممبران اور مختلف ویلج کونسل سیکرٹریز موجود تھے۔ اس موقع پر پی ٹی آئی اور جے یو آئی کے صوبائی راہنماؤں نے بھی مظاہرہ میں شرکت کی جنہوں نے حکومت کی مختلف ویلج کونسل سیکرٹریز کی تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ اس موقع پر احتجاجی مظاہر ے سے خطاب کے دوران صوبائی صدر لیاقت علی خان اور دیگر کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز انہوں نے اپنے جائز مطالبات کے لئے پشاور میں د ھرنا دیا تھا جو کہ ہمارا آئینی اور اخلاقی حق ہے لیکن اس کے باوجود صوبائی حکومت کی ہدایت پر ہم پر بدترین تشدد کیا گیا جبکہ ہوائی فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی گئی جس سے ہمارے متعدد ساتھی زخمی ہوئے جبکہ بعض ساتھیوں کو گرفتار کیا گیا جس کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ اس موقع پر مقررین کا مزید کہنا تھا کہ سیکرٹری بلدیات ظہرالاسلام کے ساتھ مئیر پشاور زبیرعلی خان کی قیادت میں ہمارے مذاکرات ہوئے ہیں جس پر انہوں نے ہمارے مطالبات تسلیم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہیں جس پر ہم مئیر پشاور کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور مئیر پشاور کے یقین دہانی پر ہی ہم نے پشاور میں دھرنا ختم کیا ہے لیکن موجودہ حکومت پر کسی صورت اعتبار نہیں کیا جا سکتا اس لئے مطالبات کی منظوری کا نوٹیفکیشن جاری ہونے تک ہمارا احتجاج جاری رہے گا جس میں ویلج کونسل اور نائبر ہوڈ کونسل کی دفاتر کی تالہ بندی کی جائے گی اور ہر قسم کی سرکاری دفتر امور کی ادائیگی سے قلم چھوڑ ہڑتال ہو گا۔مقررین کا کہنا تھا کہ ہمارے مطالبات میں اپ گریڈیشن سمیت ٹائم سکیل،کمپیوٹر الاوئنس کی منظوری اور سی ڈی ایل ڈی پراجیکٹ ملازمین کی محکمہ بلدیات میں ضم نہ کرنے کے مطالبات شامل ہیں۔اس موقع پر جے یو آئی کے رہنماء عبداللہ حقانی اور پی ٹی آئی کے راہنماء نورلوہاب نے بھی ویلج کونسل سیکرٹریز کی احتجاجی مظاہر ے میں شرکت کی اور حکومت کی جانب سے ویلج کونسل اور نائبر ہوڈ کونسل سیکرٹریز پر تشدد کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ریاستی جبراور بربریت قرار دیا۔