سنگین الزام تراشی پر عامر خان مجھ سے معافی مانگیں،راجہ اظہر
کراچی (اسٹاف رپورٹر)پی ٹی آئی رکن سندھ اسمبلی راجا اظہر کا کہنا ہے کہ رہنما ایم کیو ایم پاکستان عامر خان نے میرا نام لیا، اب ثابت بھی کریں ورنہ مجھ سے معافی مانگیں۔کراچی کے علاقے کورنگی میں پیش آئے واقعے سے متعلق عامر خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے راجا اظہر نے کہا کہ میں عامرخان کے بیان کی مذمت کرتا ہوں۔راجا اظہر نے کہا کہ میں کورنگی میں پیش آنے والے واقعے میں موجود نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ عامرخان نے میرا نام لیا اب وہ ثابت بھی کریں، ثابت نہیں کیا تو قانونی کارروائی کروں گا۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ایم کیو ایم اب کراچی سے ختم ہوگئی ہے۔واضح رہے کہ کورنگی تھانے کی حدود جے ایریا میں سیاسی جما عت کارکنوں اور علاقہ مکینوں کے درمیان تصادم ہوا۔ذرائع کے مطابق علاقہ مکین پانی کے شدید بحران کی شکایت لے کر ٹاون آفس گئے تھے، اس دوران ایم پی اے آفس میں تلخ کلامی ہوئی جو جھگڑے میں تبدیل ہو گئی۔سیاسی کارکنوں کی جانب سے مکینوں پر ڈنڈوں، لاتوں اور گھونسوں کی بارش اور ہوائی فائرنگ بھی کی گئی۔دوسری جانب سیاسی جما عت کے ذرائع کے مطابق کورنگی ٹاون آفس میں مشتعل عوام نے حملہ کر کے توڑ پھوڑ کی، اطلاع ملنے پر سیاسی جماعت کے کارکنان بھی پہنچ گئے، واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی۔