ڈیرہ، مضافاقی علاقوں میں بارشوں اور سیلابی ریلوں نے تباہی مچادی

ڈیرہ، مضافاقی علاقوں میں بارشوں اور سیلابی ریلوں نے تباہی مچادی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


        ڈیر ہ اسماعیل خان(بیورورپورٹ) ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی، درابن پروآ سمیت ڈیرہ کے مضافاتی علاقوں بڈھ، پشہ پل میں شدید طوفانی بارشوں اور کوہ سلیمان و جنوبی وزیرستان کے پہاڑوں سے آنیوالے سیلابی ریلوں نے تباہی مچادی، سگو پل سیلابی ریلے میں بہہ گیا، پل ٹوٹنے سے ٹرک سیلابی پانی میں الٹ گیاڈرائیور کو بچا لیا گیا دیگر3افراد لاپتہ، کڑی خیسور کے علاقہ پھلاڑی میں کچہ مکان گرنے سے خاتون ملبے تلے دب گئی، ٹانک، کلاچی،درابن اور پروآ میں درجنوں دیہات زیر آب، زمینی راستے منقطع، مساجد میں ہنگامی صورتحال کے اعلانات، متاثرین کی حکومتی اداروں سے فوری امددا کی اپیل۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مزید بارشوں کی پیشنگوئی کے باعث سرکاری و نجی سکولوں میں 2دن کی تعطیلات کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ کئی روز سے جاری طوفانی بارشوں اور کوہ سلیمان و جنوبی وزیرستان کے پہاڑوں سے آنیوالے سیلابی ریلوں نے سیلاب متاثرہ ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی، درابن پروآ سمیت ڈیرہ کے مضافاتی علاقوں بڈھ، پشہ پل میں تباہی مچادی ہے جس سے تحصیل درابن اور کلاچی سمیت پروآ کے سیلاب متاثرین کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ گزشتہ روز کی بارشوں اور سیلابی ریلوں سے کلاچی کے مضافاتی گاؤں کوٹ ولیداد سمیت دیگر علاقوں میں سیلابی ریلہ داخل ہوگیا،ادھر سیلابی ریلوں کے باعث سگو پل ٹوٹ جانے سے ڈیرہ ژ وب روڈ کھتی کے مقام پر اسی طرح ڈیرہ ٹانک روڈ علاقہ بڈھ ہتھالہ میں سیلابی ریلوں کے باعث ڈیرہ ٹانک روڈ بھی ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا جس سے سیلاب متاثرین سمیت دیگر لوگوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ذرائع کے مطابق سگو پل سیلابی ریلے میں بہہ گیا اور پل ٹوٹنے پل سے گزرنے والاٹرک سیلابی پانی میں الٹ گیا۔ حادثہ میں ڈرائیور کو بچا لیا گیاتاہم ٹرک میں سوار دیگر3افراد لاپتہ ہیں،اسی طرح کڑی خیسور کے علاقہ پھلاڑی میں کچہ مکان گرنے سے خاتون ملبے تلے دب کرشدید زخمی ہوگئی۔ تحصیل پروآ میں ہزارہ پکہ ڈرین سے انتہائی اونچے درجے کا سیلابی ریلہ گزر رہا ہے۔ اسی طرح ڈیرہ اسماعیل خان کے مضافاتی علاقہ پشہ پل اور شور کوٹ میں بھی سیلابی پانی آبادی میں داخل ہوگیا،گھروں اور کھیتوں سمیت ڈیرہ بنوں روڈ پر چشمہ گھی ملز میں بھی 2سے3 فٹ تک پانی داخل ہوگیا ہے جبکہ ڈیرہ بنوں روڈ پر پشہ پل کے مکینوں نے سیلابی ریلوں کے نقصانات میں حکومتی مشینری کے عدم تعاون کیخلاف احتجاجاً سڑک کو ہر قسم کی آمدو رفت کیلئے بند کردیا اور ضلعی انتظامیہ سے فوری طور پر آبادی سے پانی نکالنے کیلئے بھاری مشینری فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔دریں اثناء محکمہ موسمیات کی جانب ڈیرہ اسماعیل خان اور مضافات میں مزید بارشوں کی پیشنگوئی کے بعد ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نجی و سرکاری سکولوں میں 25اور26اگست تک 2دن کی تعطیلات کا بھی اعلان کیاگیا ہے۔