صوبائی حکومت سیلاب متاثرین کیساتھ کھڑی ہے: انور زیب
پشاور(سٹی رپورٹر) صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر، عشر وزکواۃ انور زیب خان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت حالیہ شدید بارشوں اور سیلابوں کی دجہ سے قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کیساتھ کھڑی ہے اور متاثرین کی بحالی کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس باجوڑ میں حالیہ بارش سے متاثرین میں امدادی رقوم کے چیکس تقسیم کرنے کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر باجوڑ فہد وزیر، ڈاکٹر حمید، اشفاق خان اور پی ڈی ایم اے کے ضلعی کوآرڈینیٹر بھی موجود تھے۔ سول کالونی خار ضلع باجوڑ میں حالیہ بارشوں کی وجہ سے متاثرہ خاندانوں میں امدادی چیک تقسیم کیے گئے۔اس موقع پر صوبائی وزیر نے کہا کہ قدرتی آفات اللہ کی جانب سے انسانوں پر ایک آزمائش ہے مگر آزمائش کی اس گھڑیوں میں صوبائی حکومت لوگو ں کو تنہا نہیں چھوڑینگے بلکہ اُن کے دکھ درد میں برابر شریک ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی صوبے میں سیلاب زدہ علاقوں کو جلد از جلد بحالی پر زور وشور سے کام جاری ہیں۔