ون مین شو کی بجائے پوری ٹیم کو ساتھ لے کر چلتاہوں: پرویز الٰہی
لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے این اے 171 بہاولپور سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر نعیم الدین وڑائچ نے ملاقات کی۔گجرات کے معروف صنعتکار چودھری اعجاز احمد وڑائچ بھی اس موقع پر موجود تھے۔وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بہاولپور سمیت ہر حلقے میں بھرپور ترقیاتی کام کروائیں گے۔خیر پور ٹامیوالی میں ریسکیو 1122 کا سنٹر بنایا جائے گااورعلاقے میں بنیادی سہولتوں کی بہتری کیلئے کام کریں گے۔سکولوں کو اپ گریڈ کیا جائے گااور ایسے کام کریں گے جو عوام میرے پہلے دور کی یاد رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے طرح انتقامی سیاست کبھی کی نہ آئندہ کریں گے۔انتقام نہیں بلکہ ہمیشہ مثبت سیاسی روایات قائم کی ہیں۔پنجاب کے عوام جانتے ہیں کہ کام کس نے کیا اور انتقام کس نے لیا۔انہوں نے کہا کہ ہم سیاست میں رواداری اور احترام کے قائل ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پاکستان کے مقبول ترین لیڈر ہیں۔عمران خان کے ساتھ ہیں اورساتھ دیتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ویژن کے مطابق پنجاب کو مثالی صوبہ بنائیں گے۔ ہر وہ کام کر رہے ہیں جس سے عام آدمی کو ریلیف مل سکے۔پنجاب میں عام آدمی کا معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے فوری اقدامات کا آغاز ہو چکا ہے۔ون مین شو کی بجائے پوری ٹیم کو ساتھ لے کر چلتا ہوں۔نعیم الدین وڑائچ نے وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے کام پنجاب کے عوام کیلئے ایک مثال بن چکے ہیں اورآپ کا سابقہ دور پنجاب کی تاریخ کا ریکارڈ ڈویلپمنٹ کا دور تھا اوراب بھی آپ نے آتے ہی عوامی فلاح کے کام شروع کردیئے ہیں۔
پرویزالٰہی