فیصل آباد (ویب ڈیسک) فیڈرل انویسٹیگیشن ایجنسی (ایف آئی اے) لاہور کے سائبرکرائم ونگ نے جنسی ہراسگی کے ملزم کو فیصل آباد سے گرفتار کرکے پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔
جیو نیوز کے مطابق ایف آئی اے لاہور کے سائبر کرائم ونگ نے فیصل آباد میں کارروائی کرتے ہوئے جنسی ہراسگی کے ملزم سلیم کو گرفتار کر لیا ہے، ملزم شکایت کنندہ کی قابل اعتراض تصاویر اور ویڈیوز واٹس ایپ کے ذریعے شیئر کرنے میں ملوث تھا۔
حکام کے مطابق ملزم، شکایت کنندہ کو ان تصاویراور ویڈیوز کی بنیاد پر بلیک میل اور ہراساں بھی کرتا تھا، ایف آئی اے کے مطابق ملزم کا موبائل فون تحویل میں لیکر فارنزک کیلئے بھجوا دیا گیا ہے۔ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے معاملے کی مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔