شاہرات کو آتش گیر مواد کی ترسیلات کیلئے محفوظ بنانے کیلئے آئی جی موٹر ویز اینڈ ہائی ویز کی زیر صدارت اجلاس ، چیئرمین اوگرا کی بھی شرکت
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر ویز پولیس خالد محمود سے چیئرمین اوگرا مسرور خان اور دھماکہ خیز مواد کے محکمے کے نمائندوں نے ملاقات کی جس میں موٹر ویز پر آتش گیر مواد لے جانے والی گاڑیوں کی محفوظ نقل و حمل پر گفتگو کی گئی ۔
ترجمان موٹر وے پولیس سید عمران احمد کے مطابق نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر ویز پولیس ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں آئی جی خالد محمود کی زیر صدارت موٹر ویز اور ہائی ویز پر گاڑیوں کی محفوظ نقل و حرکت سے متعلق اہم اجلاس ہوا ، اجلاس میں چیئرمین اوگرا مسرور خان اور دھماکہ خیز مواد سے متعلق محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی ، اجلاس میں موٹر ویز اور ہائی ویز پر آئل ٹینکرز ، ایل پی جی سمیت دیگر آتش گیر مواد لے جانے والی گاڑیوں کی محفوظ نقل و حرکت کے حوالے سے معاملات زیر بحث لائے گئے ۔
اجلاس میں مذکورہ گاڑیوں کی ملک بھر میں محفوظ نقل وحرکت کے حوالے سے ایک مربوط اور محفوظ پالیسی بنانے پر اتفاق کیا گیا گیا جس کے تحت اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ مذکورہ گاڑیاں ناخوشگوار حادثات سے محفوظ رہیں اور مستقبل میں محفوظ طریقے سے ملک بھر میں آمد ورفت کر سکیں۔
اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ مشترکہ ٹیمیں موٹرویز اور ہائی ویز پر مذکورہ گاڑ یوں کی ٹریفک قوانین اور ضوابط کی پابندی کو یقینی بنانے کیلئے چیکنگ کریں گی، اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ آئل ٹینکرز میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے لیے آل پاکستان آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا۔
انسپکٹر جنرل خالد محمود نے موٹرویز اور ہائی ویز پر مسافروں کی حفاظت اور روڈ سیفٹی کو یقینی بنانے کیلئے کیے گئے حالیہ اقدامات کے بارے میں بھی شرکاء کو بریفنگ دی گئی ، انہوں نے مزید بتایا کہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے آئل ٹینکرز، ایل پی جی اور آتش گیر مواد لے جانے والی گاڑیوں کی حفاظت کے کیلئے سیفٹی بریفنگ میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔