" ہم صارفین کی معلومات ہر گز فروخت نہیں کرتے"فیس بک اور انسٹاگرام کی پیرنٹ کمپنی میٹا کی پاکستانی صحافیوں کو بریفنگ

" ہم صارفین کی معلومات ہر گز فروخت نہیں کرتے"فیس بک اور انسٹاگرام کی پیرنٹ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) فیس بک اور انسٹاگرام کی پیرنٹ کمپنی ، میٹا نے اسلام آباد میں پاکستانی صحافیوں کے لیے اپنی  پرائیویسی  پالیسی کے بارے میں آن لائن  بریفنگ سیشن کا اہتمام کیا۔میٹا کی پرائیویسی پالیسی مینیجر برائے ایشیا  پیسفک ، آریان ہیمی نیز  (Arianne Jimenez )نے صحافیوں کو کمپنی کے پلیٹ فارمز پر صارف کے ڈیٹا اور معلومات کی حفاظت کی پالیسیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔   پروگرام  کا مقصد صارفین کو معلومات کی  رازداری اور فیس بک اور انسٹاگرام پر اپنی معلومات کے کنٹرول کے لیے  دستیاب ٹولز کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا تھا۔

میٹا کی نمائندہ نے صحافیوں کو بتایا کہ لوگوں کی معلومات کا تحفظ میٹا کے وژن میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے یہی وجہ ہے کہ  کمپنی اپنی مصنوعات کے پرائیویسی کنٹرول ڈیزائن کرتے وقت  ڈیٹا پروٹیکشن اور پرائیویسی قانون، سیکیورٹی، انٹرفیس ڈیزائن، انجینئرنگ، پروڈکٹ مینجمنٹ اور پبلک پالیسی جیسے شعبوں کے ماہرین کی رہنمائی  ضرور حاصل کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میٹا لوگوں کو خصوصی ٹولز اور فیچرز کے ذریعے ان کی پرائیویسی اور سیکیورٹی کے انتخاب پر زیادہ کنٹرول فراہم کرتا ہے۔
آریان ہیمی نیز نے زور دے کر کہا کہ میٹا  صارفین کی معلومات ہرگز فروخت نہیں کرتا ۔ شراکت دار اور  تھرڈ پارٹی  جن کو مخصوص ڈیٹا تک رسائی حاصل ہے ان کے لیے ضروری ہے  کہ وہ  ان مخصوص معلومات کے استعمال اور انہیں افشاء کیے جانے سے متعلق سخت  قواعد و ضوابط کی  پابندی کریں۔  انہوں نے مزید کہا کہ میٹا لوگوں کو اپنی مصنوعات، مواد اور اشتہارات پر مزید معلومات اور کنٹرول دے کر ڈیٹا کے انتظام  کے طریقوں کو سمجھنے میں مدد فراہم کرتا  ہے۔  میٹا کا پرائیویسی سینٹر فیس بک، انسٹاگرام اور میسنجر کی معلومات کا مرکز ہے اور  معلومات کی رازداری کے بارے میں تفصیلی  معلومات فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ فیس بک اور انسٹاگرام  اس لیے اشتہارات دکھاتے ہیں تاکہ  یہ پلیٹ فارمز ہر ایک کے لیے بلا قیمت دستیاب ہوسکیں، تاہم، لوگ اشتہارات سے متعلق اپنی  ترجیحات کو اشتہار پر کلک کرکے  کنٹرول کر سکتے ہیں اور پوسٹس کے متعلق اپنی ترجیحات کا تعین بھی اسی طرح کیا جاسکتا  ہے۔
انہوں نے کہا کہ میٹا صارفین کو اپنی پوسٹ کو حذف کرنے یا یہاں تک کہ ڈیٹا کو دوسری سروسز میں منتقل کرنے کے لیے بھی  ٹولز فراہم کرتا ہے ،کیونکہ میٹا  کا ماننا  ہے کہ آزاد اور بلا قیمت انٹرنیٹ کا مطلب یہ ہے کہ لوگوں کو  اپنا  ڈیٹا دیگر  سروسز  پر منتقل کرنے کا اختیار  ہونا چاہیے۔  میٹا میں پرائیویسی اور سیکیورٹی سسٹم کو بہتر  سے بہتر بنانے کا عمل  ہمیشہ جاری ہے اور کمپنی اپنے صارفین کو اپنے پلیٹ فارمز پر بہترین تجربہ دینے کے لیے سرمایہ کاری اور اختراعات  کا سلسلہ جاری رکھے گی۔