یورپ کو سپلائی میں کمی کرکے روس نے فضا میں گیس جلا کر ضائع کرنا شروع کردی
ماسکو (ڈیلی پاکستان آن لائن)سائنس دانوں اور تجزیہ کاروں نے دعویٰ کیا ہے کہ روس فن لینڈ کی سرحد کے قریب نارنجی رنگ کے ایک بڑے بھڑکتےشعلے کی صورت میں قدرتی گیس کو ایک ایسے وقت میں جلا کر ضائع کر رہا ہے جب اس نے یورپی یونین کو ترسیل میں تیزی سے کمی کی ہے۔
العربیہ کے مطابق ناروے میں قائم انرجی کنسلٹنسی رسٹاڈ کے تجزیہ کاروں نے اسے ماحولیاتی تباہی کے طور پر بیان کیا اور کہا ہے کہ فضا میں جلنے والی گیس کی مقدار یورپی یونین کی روزانہ کی ضروریات کے تقریباً 0.5 فیصد کے برابر ہے۔ روس کی جانب سے گیس جلانے سے پیدا ہونے والا شعلہ سیٹلائٹ امیجز میں دیکھا جا سکتا ہے۔
روس نے نورڈ سٹریم ون کے ذریعے گیس کے بہاؤ کو 20 فیصد تک کم کر دیا ہے اور اگلے ہفتے اسے تین دن کے لیے مکمل طور پر بند کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ یورپی یونین روس پر گیس کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کا الزام لگاتی ہے۔