کینٹ سے پی ٹی آئی رہنما استاد رشید ساتھیوں سمیت آئی پی پی میں شامل
لاہور(نمائندہ خصوصی)۔ تحریک انصاف کے حمایت یافتہ سابق چیئرمین لاہور کینٹ اور پی ٹی آئی کی طرف سے کنٹونمنٹ بورڈ میں اپوزیشن لیڈر استاد رشید نے پی ٹی آئی کے رہنماؤں کے وفد کے ہمراہ جنرل سیکرٹری آئی پی پی پنجاب شعیب صدیقی سے ملاقات کے بعد استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ پی ٹی آئی کے سابق رہنماوں مرزا احمد شہزاد، ملک غوث، یعقوب ملک، عدنان، شہزاد مصطفیٰ نے استاد رشید کے ہمراہ پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔اس موقع پر صوبائی جنرل سیکرٹری و ممبر پنجاب اسمبلی شعیب صدیقی نے استاد رشید اور ان کے ساتھیوں کو پارٹی مفلر پہنا کر ان کی شمولیت کا خیر مقدم کیا۔ علاوہ ازیں سیاسی و سماجی نمائندوں میں راجہ ثاقب اوررانا زبیر نے بھی ساتھیوں کے ہمراہ پارٹی سیکریٹریٹ میں ایم پی اے شعیب صدیقی اور ملک زمان نصیب سے ملاقات کی اورپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔ در ایں اثنا پی پی 149، یوسی153سے چیئرمین ملک سعید، لالہ شیر علی، حاجی خالد درباری، محسن علی اور محسن ایاز کی بھی شعیب صدیقی سے ملاقات کی اور حلقے کے مسائل کے بارے تبادلہ خیال کیا۔
ایم پی اے شعب صدیقی کی جانب سے حلقہ مکینوں کے مسائل کو بلا تاخیر حل کرنے اور عوام کی بھر پور خدمت کی یقین دہانی کرائی گئی۔