انرول کمپنیوں نے حاج کوٹہ کے حصول کیلئے کمر کس لی
لاہور (ڈویلپمنٹ سیل) حج پالیسی2025ء کی تیاریوں کے آغاز کے ساتھ ہی حج کوٹہ کے حصول کے لئے انرول کمپنیوں نے کمر کس لی، سپریم کورٹ کے فیصلے کو بنیاد بنا کر وزارت مذہبی امور کے ذمہ داران کے لئے سفارشوں اور دباؤ کے لئے اسلام آباد میں ڈیرے، حج کوٹہ دلانے والے بھی ایک دفعہ پھر سرگرم،50لاکھ ایڈوانس،50لاکھ کوٹہ دلانے کے بعد بننے والے سب ایجنٹس اور بروکر کے انرول کمپنیوں کے دفاتر میں فون آنا شروع ہو گئے۔ حکومتی اور اپوزیشن کے ارکان اسمبلی اور وزراء کے نمائندے بھی سادہ لوح افراد کو کوٹہ دلانے کے لئے جھانسہ دے کر بھاری رقوم بٹورنے لگے۔ حج2025ء کے لئے نئی کمپنیوں کو کوٹہ دینے کا فیصلہ نہیں ہوا۔ عوام محتاط رہیں وزارت مذہبی امور کا موقف۔روزنامہ ”پاکستان“ کو معلوم ہوا ہے ہر سال کی طرح اس سال بھی وزارت کی طرف سے ستمبر میں حج پالیسی دینے کے اعلان کے ساتھ ہی بروکر نے پانچ ہزار سے زائد انرول کمپنیوں کے نمائندوں سے رابطہ کر کے کوٹہ دلانے کا جھانسہ دے کر سودے بازی شروع کر دی ہے
۔ ہر سال کی طرح اس سال درجنوں افراد کوٹہ حاصل کرنے کے لئے فراڈیوں کے ہاتھوں لٹ جائیں گے۔گزشتہ کئی سالوں سے کروڑوں روپے ادا کر کے اب تک کوٹہ حاصل کرنے کی امید والے ٹور آپریٹرز کوٹہ یا پیسے واپس لینے کے لئے لگے ہوئے ہیں۔