پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی پھرتیاں،فرضی جرمانے، گرانفروشوں کوکھلی چھٹی
سمبڑیال (نمائندہ خصوصی)پرائس کنٹرول مجسٹریٹس صاحبان کی منافع خوروں کو صرف ایک بارجرمانہ کروا کر شہریوں کو مہینہ بھر لوٹنے کی ”گولڈن“ آفر،سمبڑیال شہر اور گردونواح میں مصنوعی مہنگائی کا راج قائم ہو گیا۔ من مانی قیمتوں پر لوٹنے کا عمل جاری۔ تفصیلات کے مطابق سمبڑیال و گردونواح میں مجسٹریسی نظام ناکام ہونے پر مصنوعی مہنگائی کا جِن بے قابو ہو چکا ہے اور شہر سمبڑیال و گردونواح کے مضافاتی علاقوں میں منافع خوروں کی طرف سے شہریوں کو سرکاری مقرر کردہ نرخوں سے زائد ریٹ پر چکن گوشت سرکاری پرائس لسٹ 570 روپے کی بجائے 700 روپے، چھوٹا گوشت 1800 روپے کی بجائے 2200 روپے، بڑا گوشت 900 روپے کی بجائے 1100 روپے جبکہ دیگر پھل اور سبزیاں، دالیں، چنے، بیسن، چاول، مصالحہ جات کی قیمتیں بھی من مرضی کی وصول کی جارہی ہیں۔