گوجرانوالہ، کارپوریشن عملے کی اخبارمارکیٹ میں توڑ پھوڑ، تھڑے مسمار

    گوجرانوالہ، کارپوریشن عملے کی اخبارمارکیٹ میں توڑ پھوڑ، تھڑے مسمار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

گوجرانوالہ(بیورو رپورٹ) اخبار مارکیٹ میں دھوپ اور بارش سے بچاؤ کیلئے لگائے گئے شیڈاور اخبارات تقسیم کرنے کیلئے بنائے ہوئے تھڑے میونسپل کارپوریشن کے اہلکاروں نے توڑ دئیے۔ اخبار فروشوں کو صبح سویرے شدید مشکلات کا سامنا۔ اخبار فروشوں میں غم وغصہ کی لہر دوڑ گئی۔ اخبار فروش یونین کے صدر‘ جنرل سیکرٹری اور دیگر رہنماؤں نے اس واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بغیر کسی اطلاع کے میونسپل کارپوریشن والوں نے اخبار مارکیٹ میں توڑ پھوڑ کرکے ہمارے ساتھ سخت زیادتی کی ہے۔ صبح تقریباًچار بجے سے لے کر نو بجے تک اخبار مارکیٹ بند ہو جاتی ہے اس لئے اس دوران اور ان اوقات کے بعدبھی آج تک اخبار مارکیٹ کی وجہ سے آمدورفت میں کبھی کوئی رکاوٹ پیدا نہیں ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ اخبار مارکیٹ میں توڑ پھوڑ سے ہونے والے نقصان کا ازالہ کیا جائے اور اخبار فروشوں کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میونسپل کارپوریشن کے اہلکاروں کو آئندہ کیلئے اخبار مارکیٹ میں توڑ پھوڑکرنے سے نہ روکا گیا تو اخبار فروش گوجرانوالہ میں تمام اخبارات کی سپلائی بند کردیں گے اور شہر بھر میں ہر اخبار کی تقسیم روک دی جائے گی۔ اخبار فروش یونین کے صدر‘ جنرل سیکرٹری ودیگر عہدیداران نے شہر کی انتظامیہ کے اعلی افسران سے پرزور مطالبہ کیاہے کہ اخبار مارکیٹ میں توڑپھوڑ کا فوری نوٹس لیا جائے۔ سرکاری دفاتر‘ گھروں اور گلی کوچوں میں جگہ جگہ اخبار پہنچا کر لوگوں کی خدمت کا فریضہ انجام دینے والے اخبار فروشوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔

مزید :

علاقائی -