ماضی میں پاکستا ن میں بہترین ڈرامے بنے،ثانیہ سعید
لاہور(فلم رپورٹر) معروف سینئر اداکارہ و ٹی وی میزبان ثانیہ سعید کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ماضی میں بہترین ڈرامے بنتے تھے جن میں اچھوتے موضوعات کو چھیڑا جاتا تھا لیکن بعد میں کمرشلائیزیشن کی وجہ سے ڈراموں کا بیڑا غرق ہوگیا ہے۔ ایک انٹرویو میں پوچھے گئے سوال پر اداکارہ نے کہا کہ پاکستان میں ماضی میں بھارتی ویب سیریز سے اچھا مواد بنتا رہا ہے۔اداکارہ نے کہا کہ پاکستان میں 1990 میں بہترین ڈرامے بنے، ان ڈراموں میں معیوب سمجھے جانے والے موضوعات کو چھیڑا گیا، سوالات کیے گئے، مختلف زاویے دکھائے اور یہ سلسلہ 2000 تک بھی جاری رہا اور اس وقت تک بہترین ڈرامے بنتے رہے۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ بعد ازاں سال 2000 کے اختتام پر کمائی اور چیزوں کے کمرشلائیزڈ ہونے سے پاکستانی ڈرامے کا بیڑا غرق ہوگیا۔