اسلحے کے زور پر چھینے جانے والا بھینسوں سے بھرا مزدا ٹرک برآمد
کراچی(سٹا ف رپورٹر) اسٹیل ٹاؤن پولیس نے اورنگی ٹاؤن میں کارروائی کرتے ہوئے اسلحے کے زور پر چھینے جانے والا بھینسوں سے بھرا مزدا ٹرک اور واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی برآمد کرلی ہے۔تفصیلات کے مطابق اسٹیل ٹاؤن پولیس نے خفیہ اطلاع اور تکنیکی بنیادوں پر اورنگی ٹاؤن نمبر ایک میں کارروائی کرتے ہوئے اسلحے کے زور پر چھینے جانے والا بھینسوں سے بھرا مزدا ٹرک رجسٹریشن نمبر جے زید 6878 برآمد کرلیا جبکہ کارروائی کے دوران پولیس نے واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی بلیک کرولا اور غیرقانونی بیلولائٹ بھی برآمد کرلی۔اسٹیل ٹاؤن پولیس نے مزید بتایا کہ اتوار کی صبح اسٹیل ٹاؤن کی حدود میں 6 سے 7 نامعلوم مسلح ملزمان نے نیشنل ہائی وے لنک روڈ کے قریب اسلحے کے زور پر واردات کی اور بھینسوں سے بھرا مزدا ٹرک لوٹ کر اور شہریوں کو یرغمال بنا کر فرار ہوگئے تھے۔ شہری کی جانب سے اسٹیل ٹاؤن تھانے میں واردات کا مقدمہ درج کرایا گیا تھا۔ایس ایس پی ملیر کی ہدایت پر اسٹیل ٹاؤن پولیس کی خصوصی ٹیم نے 6 گھنٹوں میں ڈکیتی کی واردات کا معاملہ حل کرلیا۔ شہری کی جانب سے ایس ایس پی ملیر اور اسٹیل ٹاؤن پولیس کا اظہارے تشکر کیا گیا۔پولیس نے مقدمے کا اندراج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ پولیس کی جانب سے نامعلوم ملزمان کی گرفتاری کے لیے اسٹیل ٹاون پولیس مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔