پیپلز پارٹی کی داستان کرپشن سندھ کا بچہ بچہ جانتا ہے: علی خورشیدی
کراچی(سٹاف رپورٹر)سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرعلی خورشیدی نے کہاہے کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کی داستانِ کرپشن سندھ کا بچہ بچہ جانتا ہے،پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت نے سندھ میں کرپشن کو صنعت کا درجہ دے دیا ہے۔سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف علی خورشیدی نے کہاکہ دنیا میں ڈویلپمنٹ ہوتی ہے تو کرپشن ہوتی ہے لیکن سندھ میں کرپشن کرنا ہو تو ڈویلپمنٹ ہوتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہر سال قومی اور بین الاقوامی اداروں کی جانب سے کرپشن پر جاری رپورٹس میں علی بابا چالیس چوروں کی ساری کہانیاں لکھی ہوتی ہیں۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ ناصر حسین شاہ بتائیں کہ سندھ حکومت نے پچھلے 15 سالوں میں کراچی کے کتنے نوجوانوں کو نوکریاں دیں، سندھ حکومت پاکستان کے بجٹ میں 70 فیصد حصہ ڈالنے والے کراچی پر سالانہ کتنا پیسہ خرچ کرتی ہے؟۔قائد حزب اختلاف سندھ نے کہاکہ کراچی کے سپتال، سڑکیں، پارکس اور اسکول ورلڈ بینک کے قرضوں سے بنتے ہیں جسے کراچی کے شہریوں نے ادا کرنا ہے۔علی خورشیدی نے کہا کہ سندھ حکومت کی کرپشن کی گواہ سندھ کا تباہ حال انفراسٹرکچر، صحت اور تعلیم کا نظام ہے۔انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی متعصب سندھ حکومت کراچی سمیت دیگر شہروں کو پانی، سیوریج، تعلیم اور نوکری نہیں دیتی، پیپلزپارٹی کے وزیروں اور وڈیروں کو ایم کیو ایم کے خلاف سوچ سمجھ کر بیان دینا چاہیے۔