تمام معاشی، سیاسی بحران عارضی ہیں قوم مایوس، نا امید نہ ہو، گورنر بلوچستان
کوئٹہ (آن لائن)گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے فرد، ادارے اور قوم کی زندگی میں نشیب و فراز آتے رہتے ہیں،کٹھن حالات اور مشکلات اگرچہ پرخار اور پرخطر قومی سفر کے لازمی حصے ہیں لیکن یہ جاننا ضروری ہے کہ ہمارے موجودہ تمام سیاسی و معاشی چیلنجز وقتی اور عارضی ہیں، سردست ہمیں ناامید اور مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے. ہم نے نوجوانوں کی شراکت سے یہ ثابت کرنا ہے کہ ہم مضبوط اعصاب کے مالک ہیں، ہم خطرات مول لینے کی شاندار تاریخ رکھتے ہیں، ہم ہر قسم کے بحرانوں سے نکلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور اب ہم نئے جذبہ و ولولہ کے ساتھ ایک روشن اور خودمختار مسقبل کیلئے پرعزم قوم ہیں،گورنر بلوچستان نے کہا کہ مجھے صوبے اور ملک میں موجودہ معاشی تنگدستی، فکری انتشار، بیروزگاری اور باہمی اتحاد و اتفاق کی کمی کا خوب احساس ہے لیکن ان تمام نامساعد حالات و مصائب میں بھی ہم ایک روشن مستقبل کی تلاش میں متحد ہیں، ہمیں اپنے سیاسی اور معاشی بحرانوں سے آگے بڑھنے اور سب کو ساتھ لے جا نے کے مواقع کے طور پر استعمال کرنا چاہیے۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کر دیا کہ قومی مفادات کیلئے ذاتی مفاد قربان کرنے، اپنے معاشرے کی عظیم خاموش اکثریت کی آواز بننے اور عوام کے حقوق واختیارات میں اضافہ کرنے کے بعد ہی ہمیں معاشی آسودگی اور سیاسی استحکام کی ضمانت مل سکتی ہے۔
گورنر بلوچستان