فو جی عدالتوں میں سویلین کا ٹرائل ‘ وزارت داخلہ کی پرائیویٹ وکیل مقرر کرنیکی درخواست مسترد
اسلام آباد(آن لائن)فوجی عدالتوں میں سویلین کے ٹرائل کا11 جولائی کی عدالتی کارروائی کا تحریری حکمنامہ جاری کردیا گیا ہے جس کے تحت عدالت نے وزارت داخلہ کی پرائیویٹ وکیل مقرر کرنے کی درخواست مسترد کر دی ہے جبکہ جسٹس شاہد وحید نے اختلافی نوٹ میں پرائیویٹ وکیل مقرر کرنے کے حق میں فیصلہ دیا ۔حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ وزارت داخلہ کی طرف سے پرائیویٹ وکیل پیش ہونے کیخلاف متفرق درخواست دائر کی گئی، گرمیوں کی چھٹیاں آئندہ ہفتے سے شروع ہو رہی ہیں، یہ جانتے ہوئے بھی درخواست گزاروں نے زیادہ وقت پرائیوٹ وکیل کرنے کیخلاف دلائل پر ضائع کیا ۔ عدالت وزارت داخلہ کی طرف سے پرائیویٹ وکیل مقرر کرنے کیخلاف متفرق درخواست مسترد کرتی ہے۔جسٹس شاہد وحید کا اضافی نوٹ بھی حکمنامے کا حصہ ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اٹارنی جنرل نے کہا کیس کے فوجداری تکنیکی پہلو کے سبب عدالت کی معاونت کیلئے پرائیوٹ وکیل کیا گیا،اٹارنی جنرل کی ایماندارانہ رائے قابل ستائش ہے، کسی انفرادی شخص کو بچانے کے بجائے مفاد عامہ کے تحت پرائیوٹ وکیل کیا جاسکتا ہے۔
سویلین ٹرائل