کوئٹہ (ڈیلی پاکستان آن لائن )بلوچستان کے شہر قلات میں مسلح افرادکی فائرنگ سے پولیس اور لیویز اہلکاروں سمیت 10 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ایس ایس پی قلات دوستین دشتی کے مطابق فائرنگ سے پولیس کاسب انسپکٹر، 4 لیویز اہلکار اور 5 شہری جاں بحق ہوئے۔ ایس ایس پی قلات کا بتانا ہے کہ فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہوگئے جس کے بعد علاقہ کلیئرکرنےکا سلسلہ جاری ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ قلات میں قومی شاہراہ اورشہر میں گزشتہ رات سے پولیس اور مسلح افراد میں فائرنگ کا تبادلہ جاری تھا۔ واضح رہے کہ گزشتہ رات بلوچستان میں موسیٰ خیل کے علاقے راڑہ شم میں بھی مسلح افراد نے 23 مسافروں کو گاڑیوں سے اتار کر قتل کر دیا تھا۔ پولیس کے مطابق تمام افراد کو ٹرکوں اور مسافر بسوں سے اتار کر فائرنگ کر کے قتل کیا گیا۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق 24 اور 25 اگست کی رات دہشتگردوں نے بلوچستان میں متعدد جگہوں پر بزدلانہ حملے کئے
ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اِن حملوں کا موثر جواب دے رہے ہیں، جوابی کارروائیوں میں اب تک 12 دہشتگرد جہنم واصل کئے جا چکے ہیں جبکہ متعدد دہشتگرد زخمی بھی ہوئے ہیں۔سکیورٹی ذرائع کا مزید بتانا ہے کہ دہشتگردوں کے خاتمے تک سکیورٹی فورسز کے آپریشن جاری رہیں گے۔یاد رہے کہ گزشتہ رات بھی دہشتگردوں نے بلوچستان کے علاقوں قلات اور موسیٰ خیل میں بزدلانہ حملے کر کے معصوم شہریوں اور فورسز کے جوانوں کو شہید کیا۔