عافیہ صدیقی کی صحت اور وطن واپسی سے متعلق کیس ،عدالت نے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی
اسلام آباد (آئی این پی ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو امریکی حکام کے حوالے کرنے سے متعلق تفصیلی رپورٹ جمعہ کو طلب کرلی ۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی صحت اور وطن واپسی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی ، عافیہ صدیقی کے وکیل مسٹر سمتھ نے اپنا بیان حلفی عدالت میں جمع کروادیا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے عافیہ صدیقی کی امریکی حکام کو حوالگی پر دو سوالات کے جواب طلب کر لیے، عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ عدالتی سوالات پر مفصل رپورٹ دیں میں آج آرڈر نہیں کر رہا ۔
عدالت نے وزارت خارجہ کے وکیل سے مکالمے میں کہا کہ آپ بھی اپنے آفس کا تفصیلی جواب دیں ورنہ سب کو یہاں بٹھا دونگا ، جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے وزارت خارجہ کو ہدایت کی کہ جمعے تک کا وقت ہے مفصل رپورٹ دیں۔ عافیہ صدیقی کی بہن فوزیہ صدیقی نے کہا کہ عافیہ کی واپسی کی کنجی حکومت پاکستان کے پاس ہے ، نومبر سے پہلے حکومت ہماری مدد کرے جو بائیڈن حکومت کے ہوتے ہوئے عافیہ کا معاملہ حل ہونا چاہیے ، نئی امریکی حکومت کے آنے کے بعد معاملہ التوا کا شکار ہو جائے گا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے عافیہ صدیقی کو امریکی حکام کے حوالے کرنے سے متعلق تفصیلی رپورٹ جمعے کو طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔